کولگام میں تصادم، حزب المجاہدین کے 4 مقامی جنگجو ہلاک

0
0

یواین آئی

سرینگر؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کھور بٹہ پورہ منزگام میں ہفتہ کی علی الصبح ہونے والے ایک تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ 4 مقامی جنگجو مارے گئے۔ جموں وکشمیر پولیس کا دعویٰ کیا ہے کہ جنگجوئوں کا یہ گروپ جنوبی کشمیر میں ہونے والی حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث تھا۔ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت اعجاز احمد نائیکو عرف موسیٰ ولد محمد اقبال نائیکو ساکنہ چمر دمہال ہانجی پورہ کولگام، شاہد احمد ملک ولد محمد صادق ساکنہ کوہل دمہال ہانجی پورہ کولگام، وقار فاروق ایتو ولد فاروق ایتو ساکنہ ایچ سی گام کولگام اور محمد اشرف ملک عرف صدام ساکنہ آرونی اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منزگام کولگام کے ہردہ مند گوری کھور بٹہ پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ، فوج کی 34 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو ہفتہ کی علی الصبح محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک رہائشی مکان میں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جنہوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چار جنگجوئوں کو ہلاک کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اس رہائشی مکان کو دھماکہ خیز مواد سے زمین بھوس کیا جس میں جنگجو موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تین جنگجوئوں کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ بعد ازاں چوتھے جنگجو کی لاش مکان کے ملبے کے نیچے سے برآمد کی گئی۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنگجو مخالف آپریشن اختتام کو پہنچا ہے اور علاقے میں اب کامبنگ آپریشن شروع کیا گیا ہے تاکہ پھٹنے سے رہ گئے بارودی مواد کو ناکارہ بنایا جاسکے۔ جموں وکشمیر پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا کہ حزب المجاہدین کے جنگجوئوں کا یہ گروپ جنوبی کشمیر میں گذشتہ 12 دنوں کے دوران ہونے والی چار شہری ہلاکتوں میں ملوث تھا۔ پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہنڈل پر مزید کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز ان کی لوکیشن کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوئی اور ایک مشترکہ آپریشن میں سبھی چار جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا۔ایس پی کولگام گورندر پال سنگھ نے تصادم کی جگہ پر نامہ نگاروں کو بتایا: ‘پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ یہاں چار سے پانچ جنگجو موجود ہیں۔ ہم نے انفارمیشن فوج اور سی آر پی ایف کے ساتھ شیئر کی۔ مشترکہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی گئی اور جوابی کارروائی میں چار ملی ٹنٹ مارے گئے’۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘اس گروپ نے دو دن قبل دو عام شہریوں کو ہلاک کیا تھا۔ ضلع کولگام میں لشکر طیبہ کی موجودگی نہیں ہے۔ تاہم حزب المجاہدین کے ملی ٹنٹ سرگرم ہیں’۔ دریں اثنا سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کھور بٹہ پورہ میں ہونے والے تصادم میں چار جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تصادم کی جگہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع کولگام کے دور افتادہ گائوں نادی گام میں یکم اپریل کی رات دیر گئے نامعلوم اسلحہ برداروں نے دو مقامی افراد کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا جن کی شناخت غلام حسن وگے ولد عبدل وہاب وگے اور سراج احمد گورسی ولد علی محمد کے طور پر ہوئی تھی۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا