’ اس وقت دنیا بھر میں عالمی ہنگامی صورتحال ‘

0
0

ٹکراؤ کی بجائے کووڈ 19 سے عوام کو بچانے کی مربوط کوششیں ہوں: ہندوستان
یواین آئی

نئی دہلی؍؍ ایسے وقت جب دنیا کو کورونا وائرس جیسی مہلک وبا کا سامنا ہے ، مغربی اور طاقتوں اور چین کے درمیان تلخی کی خبریں آرہی ہیں۔ اس سلسلے میں ہندوستان نے آج کہا کہ ایسی ہنگامی صورتحال میں دنیا کی توجہ ایک دوسرے کے ساتھ ٹکرا ؤ پر نہیں بلکہ اس مہلک وبا کا مل کر مقابلہ کرکے لوگوں کو بچانے پر ہونی چاہیے ۔ذرائع نے آج یہاں ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کووڈ 19 پر بحث کی قرارداد کو چین کی طرف سے مبینہ طور پر روکے جانے اور چین کے خلاف کئی ممالک کی لام بندی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر ذرائع نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں عالمی ہنگامی صورتحال ہے اور اس سے نمٹنے کے دنیا کے سبھی ممالک کے تعاون سے کوششیں ہونی چاہئیں جس سے دنیا کی عوام کو اس مہلک وائرس سے بچایا جا سکے ۔ذرائع نے کہا کہ ہندوستان نے پہل کرکے جنوبی ایشیا علاقائی تعاون تنظیم (سارک) اور جی -20 ممالک کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ کرکے اس معاملے پر اپنا موقف واضح کر دیا ہے ۔ جہاں تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بات ہے تو وہ اس کے رکن ممالک پر منحصر کرتا ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ہندوستان نے وزارت خارجہ میں کووڈ 19 سیل تشکیل دیا ہے جو بنیادی طور پر تین سطحی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے ۔ پہلی سطح بیرون ممالک میں پھنسے ہندوستانیوں کو باہر نکالنے کی کوشش ہے اور دوسری سطح دو فریقی، علاقائی اور کثیر الجہتی فورموں کے ذریعے کورونا سے نمٹنے کے بارے کارگر اور مؤثر اقدامات سے واقف ہونا، تیسری سطح پر کووڈ 19 کے لئے ساتوں دن چوبیس گھنٹے کام کرنے والی ہیلپ لائن کھولنا ہے ۔ اس سیل کی کمان وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سکریٹری دامو روی کے ہاتھ میں ہے اور 75 اہلکار اس ٹیم میں جی جان سے مصروف ہیں۔ہندوستان نے کووڈ 19 سے مقابلے کے لئے ضروری اشیا کے تعلق سے بھی کوئی شرط نہیں رکھی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت وینٹیلیٹر، سرجیکل ماسک، پرسنل پروٹیکشن اکوپمینٹ (پی پی ای) کٹ وغیرہ ذرائع کے بارے میں جہاں بھی دستیاب ہوں، وہاں سے حاصل کرنے کی پالیسی پر کام کر رہی ہے ۔ چین سے ایسی چیزیں خریدنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ چین سے دو قسم کی اشیا آ رہی ہیں۔ ایک عطیہ کے طور پر اور دوسری تجارتی بنیاد پر۔ اس تعلق سے کوئی شرط نہیں ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان نے اس عالمی آفت کے سلسلے میں دنیا بھر میں ہونے والے علاج، سائنسی تحقیق، سیاسی، اقتصادی، ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور دنیا کو ہر ممکن طریقے سے ٹکراؤ سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے مشن کے سربراہان کی میٹنگ میں یہی پیغام دیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا