متاثرین کے رابطے میں آنے والوں کو جنگی بنیادوں پر تلاشا جارہا ہے: حکومت
یواین آئی
سرینگرکورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں ہورہے اضافے کے پیش نظر جموں وکشمیر حکومت نے وائرس متاثرین کے رابطے میں آنے والوں کو جنگی بنیادوں پر تلاش کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وائرس متاثرین کی رہائش گاہوں کے گردو پیش علاقوں کو سیل کیا گیا ہے۔حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘کورونا وائرس کو قابو میں رکھنے کے لئے مثبت کیسز کے رابطے میں آنے والوں کی جنگی بنیادوں پر تلاش انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ جموں، سری نگر، پلوامہ، شوپیاں اور راجوری میں مثبت کیسز کی رہائش گاہوں کے گرد وپیش کئی علاقوں کو گزشتہ روز سیل کیا گیا’۔انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ‘یہ مہم محض کورونا وائرس کو قابو میں رکھنے اور متاثرین کی بر وقت شناخت کے لئے شروع کی گئی ہے۔ لوگوں کو جو تکلیف پہنچے گی وہ عارضی نوعیت کی ہوگی لیکن اس کے فوائد بسیار ہوں گے، تمام لوگوں سے تعاون کی استدعا ہے’۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے روہت کنسل کے اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ‘علاقوں کو سیل کرنا ناگزیر بھی تھا اور ضروری بھی تھا’۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کو تمام احتیاطی اقدام و تدابیر اٹھائے جانے تک بند رکھا جائے گا۔دریں اثنا محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا کہ وادی کشمیر میں 20 دیہات و علاقوں کو ‘ریڈ زون’ قرار دیکر سیل کیا گیا ہے۔ یہ دیہات و علاقے سری نگر، بانڈی پورہ، بڈگام، گاندربل، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے ہیں۔