پونچھ اور کٹھوعہ میں سرحدوں پر گولہ باری

0
0

ایک آرمی پورٹر زخمی اور متعدد رہائشی مکانات کو نقصان
یواین آئی

جموں؍؍جموں وکشمیر کے پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں فوج کے ساتھ کام کرنے والا ایک مزدور (پورٹر) زخمی اور متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اتوار کو دن کے قریب دو بجکر 45 منٹ پر ضلع پونچھ کے شاہپور سیکٹر میں ہندوستانی فوج اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ منٹوں تک جاری رہنے والی اس فائرنگ میں فوج کے ساتھ کام کرنے والا 26 سالہ محمد شوکت نامی مزدور زخمی ہوا جسے فوری طور پر ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثنا ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے ہیرا نگر سیکٹر میں گذشتہ رات ہندوستان اور پاکستانی کی افواج کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ ایک رپورٹ کے مطابق قریب سات گھنٹوں تک جاری رہنے والے گولہ باری کے تبادلے میں چار رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور ایک گائے زخمی ہوئی ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ دونوں علاقوں میں ہندوستانی فوج نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط کے طور پر ہیرا نگر میں کچھ کنبوں کو زیر زمین بنکروں میں منتقل ہونا پڑا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سال 1999 کے تنازعے کے بعد سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوصف طرفین کے درمیان ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ اب ایک معمول بن چکا ہے۔طرفین کے درمیان نوک جھونک سے آر پار کے سرحدی لوگوں کو بے تحاشا جانی و مالی نقصان سے دو چار ہونا پڑرہا ہے۔ ان کا حکومت سے ان کے لئے انفرادی سطح پر بنکر تعمیر کرنے کا مطالبہ ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا