پونے، 15 مارچ (یواین آئی) مہاراشٹر کے پونے میں کورونا وائرس (كووڈ -19) کے پانچ نئے کیس سامنے آئے ہیں جس سے شہر میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 15 ہو گئی ہے۔
پونے کے ضلع مجسٹریٹ نول کشور رام نے اتوار کی صبح یہ اطلاع دی۔
ضلع مجسٹریٹ نے ’یواین آئی‘ سے فون پر کہا کہ پمپری- چنچواڑ کے پانچ افراد میں اس وائرس کے پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان تمام پانچ افراد نے حال میں بیرون ملک کا سفر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کے نائیڈو اسپتال میں جس میں متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے، ان کی حالت مستحکم ہے۔
مہاراشٹر کے لوگوں کی صحت کے پیش نظر اس وبا سے نمٹنے کے لئے ریاست میں وبا ئی بیماری ایکٹ لاگو کر دیا گیا ہے۔ ریاست میں تمام سینما گھروں، جم، مال اور سوئمنگ پول کو اس ماہ کے آخر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔