یواین آئی
سرینگر؍؍مدھیہ پردیش کی ایک سینٹرل یونیورسٹی نے ایک جوان سال کشمیری ریسرچ اسکالر کو ‘ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ’ سے سرفراز کیا ہے۔مدھیہ پردیش کی ڈاکٹر ہری سنگھ گور سینٹرل یونیورسٹی میں نفسیات کے مضمون کے ریسرچ اسکالر وقار مقبول پرے کو انڈور میں منعقدہ مدھیہ پردیش ینگ سائنٹسٹس کانگرنس کے 35 ویں سیشن کے دوران قومی سائنس دن کے موقع پر ‘انتھرو پالوجی اینڈ بی ہیو رل سائنس’ کے موضوع پر نمایاں کام کرنے کے اعزاز میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاؤن سوپور کے نصیر آباد چنکی پورہ سے تعلق رکھنے والے وقار مقبول متذکرہ یونیورسٹی میں ڈاکٹر سنجے کمار کی نگرانی میں ‘ازرٹیونس’ (قطعیت) کے موضوع پر تحقیق کررہے ہیں۔وقار مقبول نے اس سے قبل بھی کئی ایوارڈ حاصل کئے ہیں جن میں یو جی سی کی طرف سے ایم اے این ایف فیلو شپ قابل ذکر ہے۔ان کے تحقیقی مقالے کئی بین الاقوامی اور قومی سطح کے جریدوں میں چھپ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے مختلف بین الاقوامی وقومی سطح کی کانفرنسوں میں بھی اپنے تحقیقی مقالے پیش کئے ہیں۔ وقار مقبول نفسیات سے متعلق مختلف معاملات پر کماحقہ کام کررے ہیں۔