دسمبر2021تک ’ہرگھرنل سے جل‘کانشانہ حاصل کرے گی حکومت
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر کی حکومت نے اِس خطے میں جل جیون مشن کے تحت تمام گھروں کو نل کے ذریعے پانی پہنچانے کا سو فیصد نشانہ 2024ء کے بجائے دسمبر 2021ء تک حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اِس مشن کے تحت جموںوکشمیر کے تمام دیہی علاقوں میں ہر گھر کو مناسب مقدار میں مسلسل بنیادو ںپر پینے کا معیاری پانی فراہم کیا جائے گا۔ جس سے دیہی آبادی کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔اس سلسلے میں جموںوکشمیر جل شکتی محکمہ دیہات کے اندر ہی ایک ڈھانچہ تیار کرے گی تاکہ متعلقہ گائوں کے ہر گھر کو نل کے ذریعے پانی پہنچایا جاسکے۔اس کے علاوہ پینے کے پانی کے پائیدار وسائل کو مزید مستحکم بنایا جارہا ہے۔ضرورت پڑنے کی صورت میں محکمہ پانی کی بڑی مقدار کی منتقلی کے علاوہ ٹریٹمنٹ پلانٹوں کے علاوہ تقسیم کاری کے نظام کو مستحکم کو بھی یقینی بنائے گا۔اس مقصد کے لئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائی جارہی ہے جبکہ کئی دیگر محکموں کا تعاون بھی حاصل کیا جارہا ہے۔جل شکتی مشن کے تحت سال 2021ء تک تین مرحلوں کے تحت ایسے 10.65لاکھ دیہی گھرانوں کو نل کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا جنہیں ابھی تک یہ سہولیت فراہم نہیں کی گئی ہے۔پہلے مرحلے کے تحت سری نگر ، گاندربل ،پلوامہ ،شوپیان ، ریاسی ، سانبہ اور پونچھ اضلاع میں 281858 کنکشن جبکہ دوسرے مرحلے میں ڈوڈہ ، اودھمپور ، کٹھوعہ ، جموں ، بانڈی پورہ ، کولگام اور بڈگام اضلاع میں 466404 کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔تیسرے مرحلے اننت ناگ ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، رام بن ، کشتواڑ اور راجوری اضلاع میں 317634 کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2019-20ء کے دوران محکمہ نے جموںوکشمیر کے مختلف علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد نل کنکشن فراہم کئے ہیں۔محکمہ نے جے جے ایم کے تحت جموںمیں فروری کے دوران مینو فیکچرررس اینڈ سروس پرووائیڈرس کانفرنس منعقد کی جس کا مقصد جل جیون مشن میں استعما ل کی جانے والی ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔