کرونا وائرس: جموں میں ہوٹل مالکوں اور گوشت فروشوں کے کاروبار میں کمی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چین سے جنم لے کر دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے خطرات وخدشات کے پیش نظر یہاں ہوٹلوں کے علاوہ گوشت اور مرغ فروشوں کا کاروبار متاثر ہورہا ہے۔ایک ہوٹل کے منیجر کا کہنا ہے کہ لوگوں کی طرف سے گوشت کھانے میں پرہیز کرنے سے ان کا کام متاثر ہورہا ہے۔انہوں نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا: ‘ہفتے کے روز ہمارے ہوٹل میں کافی بھیڑ ہوتی تھی اور لوگ گوشت کے مختلف قسموں کے پکوان سے محظوظ ہوتے تھے لیکن کرونا وائرس کے خطرات پیدا ہونے کے بعد لوگوں نے گوشت کھانے سے پرہیز کرنا شروع کیا ہے جس سے ہمارا کام متاثر ہورہا ہے’۔موصوف نے کہا کہ جموں میں اس وائرس کے دو مشکوک کیس درج ہونے کے بعد گزشتہ تین دنوں سے ہمارے کام میں کمی واقع ہورہی ہے۔گوشت اور مرغ کے ایک ڈیلر نے کہا کہ لوگ میرے دکان سے کچا گوشت خریدتے تھے اور پھر اس کو گھر میں پکاتے تھے لیکن اب کئی لوگوں نے گوشت خریدنا بند کیا ہے اور اگر کوئی خریدنے آتا بھی ہے تو وہ گوشت خریدنے سے پہلے سوالات کی بوچھاڑ کرتا ہے۔