لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍وادیٔ کشمیر کی ثقافتی دولت کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومت معروف مغل باغات کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی نقشے میں شامل کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آج اِس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کئے جانے کی کے سلسلے کا جائزہ لیا۔اِس مقصد کے لئے ابھانارائن لامبا کو پروجیکٹ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔ابھا نارائن نے شالیمار ، نشاط ، پری محل ، اچھہ بل اور ویری ناگ کو یونیسکو کے ثقافتی نقشے میں شامل کرنے اور اِن بیش قیمت مقامات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کی جارہی کوششوں کی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے تفصیلات دیں۔اَب تک ملک کی 38ثقافتی جگہوں کو یونیسکو کی فہرست میں شامل کیا جاچکا ہے جن میں جموںوکشمیر کی کوئی ثقافتی جگہ شامل نہیں ہے۔صوبائی کمشنر نے ضلع انتظامیہ،سمارٹ سٹی کے عہدہ داروں ،فلوری کلچر ، لائوڈا اور سیاحت محکموں کے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، ایڈیشنل کمشنر کشمیر بلال احمد بٹ ، ڈائریکٹر آرکائیوز منیر الاسلام ، ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی ، وی سی ایس ڈی اے وِکاس کنڈل ، وی سی لاوڈا طفیل متو اور دیگر افسران موجود تھے۔