جموں کشمیر کیلئے مکمل ریاست کے درجے کی بحالی کا مطالبہ
سی این آئی
سرینگر؍؍شیوسینا نے ہفتہ کو باری برہمناکے سڈکو چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں جموں و کشمیر کے مقامی نوجوانوں کے لیے ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے ساتھ مکمل ریاست کا درجہ واپس کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ کی جموں آمد پر شیو سینا نے جموں میں ریاستی درجہ کی بحالی اور جموں کشمیر کے نوجوانوں کیلئے سرکاری نوکریوں میں ریزرویشن کے مطالبے کو لیکر احتجاجی دھرنا دیا۔ اس دوران شیوسینا کے کارکنوں نے نعرے لگائے اور مرکزی حکومت کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کیا۔ پارٹی کے ریاستی صدر منیش ساہنی کی قیادت میں ریاستی یونٹ کے قائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں زوردار نعرے لگائے۔منیش ساہنی نے کہا کہ جموں و کشمیر سے ریاست کا درجہ چھینے کو تقریباً 28 مہینے ہو چکے ہیں۔ 2019 میں، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایوان کے فلور پر اور کئی بار عوامی فورمز میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو ریاست کا درجہ واپس کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ لیکن آج تک عوام کا یہ مطالبہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جمہوری عمل اور ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ جس سے عوام میں مایوسی اور ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ساہنی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا مسلسل وعدہ کر رہے ہیں۔ لیکن، نچلی سطح پر بے روزگاری کی شرح دن بدن بڑھ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست کا نوجوان مایوسی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ریاست میں ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں مقامی نوجوانوں کو ترجیح ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں اور ان سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔