بارشوں میں خوبصورتی لوگوں کے لئے مصیبت کا باعث،محکمہ فلڈکنٹرول لاپتہ
عمرارشدملک
راجوری؍؍محکمہ فلڈ کنٹرول کی نیند کو توڑنے کے لئے لوگ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں لیکن محکمہ کی نیند ہے کہ ٹوٹنے کا نام تک نہیں لے رہی۔ زمینی سطح پر عام لوگوں کے حالات کچھ خاص ٹھیک نہیں ہیں اور خاص طور پر راجوری قصبہ سے گزرنے والی راجوری توی کی بات کرے تو 2014 کے طوفانی سیلاب نے دریا کے قریب والی آبادی کو نقصان پہنچایا تھا لیکن پھر بھی محکمہ فلڈ کنٹرول راجوری کی نیند نہیں ٹوٹی اور لگتا ہے کہ محکمہ انسانی جان کے نقصان کا انتظار کر رہا ہے اسی لئے تو آج تک محکمہ نے راجوری توی پر باندھ تعمیر نہیں کئے اور نہ ہی کبھی کوئی منصوبہ بنایا۔ بیلا کالونی سے لیکر سالانی پْل تک کی آبادی جو دریا کے قریب آباد ہے کو نظر انداز رکھا گیا ہے اور جہاں آبادی والے علاقے نہیں ہیں وہاں بڑے بڑے باندھ تعمیر کئے جاتے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ محکمہ کے سینئر انجینئرز کی ملی بھگت سے ہی غیر ضروری منصوبہ بندی کی جاتی ہے اور ہر سال لاکھوں کروڑوں کے فنڈس بھی غیر ضروری مقامات پر خرچ کر کے اپنی کمیشن وصول کرتے ہیں۔ وہیں عام لوگ انتظار کرتے ہیں کہ کب ہمارے کام ہونگے اور کب ہمارے گھروں کو تحفظ فراہم ہوگا۔ لوگوں نے ایک بار پھر سے لیفٹیننٹ گورنر، محکمہ فلڈ کنٹرول کے اعلیٰ افسران اور ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کی ہے کہ راجوری توی کے قریب والے علاقوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے باندھ اور مضبوط کریٹ تعمیر کئے جانے تاکہ بارشوں کے موسم میں سیلاب سے بچا جا سکے۔