صوبائی کمشنر نے منصوبے سے متعلق معاملا ت کالیا جائزہ
سرینگر؍؍صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ جھیل ڈل کی جاذبیت کا کام سمارٹ سٹی پلان کے تحت شرو ع ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ اس مقصد کے لئے دیگر اقدامات کے علاوہ ڈل کے باشندوں میں سمارٹ کارڈ تقسیم کئے جائیں گے ۔انہوںنے ترقیاتی کمشنر سرینگر کو اس سلسلے میں ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آج ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں جھیل ڈل سے متعلق مختلف معاملات کاجائزہ لیا گیا۔انہوںنے لائوڈا پر زوردیا کہ وہ جھیل کے مغربی حصے سے فالتو گھاس پھوس نکالنے کے لئے مزید مشینری اورافرادی قوت کو بروئے کار لائیں ۔انہوںنے جھیل ڈل کی صفائی ستھرائی کا کام 25فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایس ایم سی کی طرف سے اس مقصد کے لئے دوٹپر اورلوڈرس کے علاوہ افرادی قوت لائوڈا کو دستیاب رکھی جائے گی۔لائوڈا کی طرف سے دی گئی فہرست کے مطابق محکمہ مال کی طرف سے 60ڈل مقامات کی سروے کے تحت 4792کنبے یہاں مقیم ہیں ۔کلکٹر لائوڈا سے کہاگیا ہے کہ سروے کا کام ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل کرکے اسے سی ای او کو پیش کریں۔مغربی فور شور روڈ کے بارے میں میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو پہلے ہی ڈی پی آر پیش کیا ہے۔اس دوران جھیل کے گردونواح میںناجائز تعمیرات کو ہٹانے،انفورسمنٹ ونگ متحرک کرنے ،شجرکاری مہم ،کوڑے دان نصب کرنے اورواک ویز کی مرمت وغیرہ کے کام کے سلسلے میں بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی کمشنرنے متعلقہ آفیسران پرزوردیا کہ وہ باقی ماندہ کام مقررہ وقت میں مکمل کریں تاکہ زمینی سطح پر اہداف کو حاصل کیاجاسکے۔میٹنگ میں وی سی لائوڈا،چیف انجینئر آر اینڈ بی،چیف کنسرویٹر فارسٹس ،ڈائریکٹر فلوریکلچر ،ایس ایم سی کمشنر ،کلکٹر لائوڈا اور (صوبائی کمشنر کے دفتر میں) اسسٹنٹ کمشنر سینٹرل کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔