ٹورنٹو؍؍جلد کے جھلسنے سے گہرے زخم آتے ہیں جو بہت مشکل سے مندمل ہوتے ہیں، اب ایک ایسا پرنٹر نما آلہ تیار کیا گیا ہے جو براہِ راست مصنوعی جلد کو زخموں پر چھاپتا ہے۔ امید افزا بات یہ ہے کہ اس کی دوسری بار جانوروں پر کامیاب آزمائش کی گئی ہے۔سال 2018ء میں کینیڈا کے ماہرین نے مصنوعی جلد چھاپنے والا ایک دستی آلہ پیش کیا تھا جس طرح ٹیپ ڈسپنسر سے فوری طور پر ٹیپ لگائی جاتی ہیں عین اسی طرح یہ آلہ ٹیپ کی جگہ مصنوعی انسانی بافتوں کو جلد پر چپکاتا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے اسی ٹیم نے مصنوعی جلد کی جانوروں پر آزمائش کی اور اس کے نتائج بہت حوصلہ افزا رہے ہیں۔خنزیروں پر کیئے گئے تجربات کے بعد سائنسدانوں نے اس کی تفصیل ’بایو فیبریکیشن‘ نامی جرنل میں شائع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ اس کامیابی کے بعد یہ آلہ انسانی علاج کے مزید ایک قدم آگے بڑھا ہے۔فی الحال دنیا بھر میں شدید جھلسے ہوئے مریضوں کے زخم پر انہی کے دیگر حصوں مثلاً ران یا کمر سے کھال کے ٹشو لے کر انہیں لگایا جاتا ہے۔