کشمیر: موسم ابر آلود مگر شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج

0
0

یواین آئی

سرینگر؍؍وادی کشمیر میں موسم اگرچہ ابر آلود ہے اور گزشتہ روز وقفہ وقفہ سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہوا تھا تاہم شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو رات کی ٹھٹھرتی سردی سے راحت نصیب ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔متعلقہ محکمہ نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے تاہم بعد ازاں موسم 17 فروری تک مجموعی طور پر خشک رہنے کی امید ہے۔وادی کا بیرون دنیا کے ساتھ زمینی و فضائی رابطہ برابر برقرار و بحال ہے۔ ہائی وے ذرائع کے مطابق وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر بدھ کے روز بھی یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی اور گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت تھی۔وادی میں چلہ خورد کے دوسرے عشرے کے دوران بدھ کے روز بھی موسم دن بھر ابر آلود رہا جس کے باعث لوگوں کو آفتاب کا دیدار دوسرے روز بھی نصیب نہیں ہوا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق موسم ابر آلود رہنے کے باعث وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 0.6 اور منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قصبہ دارس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا