وزیر اعظم مودی نے ’میڈ ان انڈیا‘ کا اچھا نعرہ دیا، لیکن ایک بھی فیکٹری نہیں لگواپائے: راہل گاندھی
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍سینئر کانگریس رہنما،سابق کانگریس صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے منگل کو دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے جنگ پورہ سیٹ سے پارٹی امیدوار ترویندر سنگھ مارواہ کی حمایت میں ایک ریلی کو خطاب کیا۔ راہل نے بے روزگاری کو لے کر مرکز کی مودی حکومت اور دہلی کی اروندکیجریوال حکومت پر جم کر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں نے بے روزگاروں کے لئے کچھ نہیں کیا۔راہل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار میں آنے پر کہا تھا کہ بے روزگار نوجوانوں کو نوکری دیں گے، لیکن بے روزگاروں کو نوکری نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بجٹ پیش کیا ہے، اس میں نہ روزگار کے لئے کچھ ہے، نہ غریبوں کے اور نہ ہی کسانوں کے لئے کچھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ’میڈ ان انڈیا‘ کا اچھا نعرہ دیا، لیکن ایک بھی فیکٹری نہیں لگواپائے۔ آج دنیا پوچھ رہی ہے کہ کیا ہندوستان کا نوجوان میڈ ان انڈیا کے لئے بہت کچھ کر سکتا ہے۔میں آپ کو بتا دوں ہندوستان کا نوجوان میڈ ان انڈیا کر سکتا ہے۔ اگر صحیح طریقے سے میڈ ان انڈیا کی پالیسی کو نافذ کر دیا جائے تو ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔ اس ملک کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ روزگار ہے، لیکن وزیر اعظم اس بارے میں کچھ نہیں بولتے۔ آج کسی نوجوان سے پوچھیں کیا کرتے ہو، تو وہ بتائے گا کچھ نہیں۔ آج ہندوستان کا نوجوان کام کرنا چاہتا ہے، لیکن مودی حکومت اور کیجریوال کی حکومت ایک بھی نوکری نہیں دلوا سکتیں۔راہل نے کہا کہ دہلی میں میٹرو کس نے بنوایا۔ کیجریوال حکومت نے نہیں، کانگریس کی اس وقت کی شیلا دکشت حکومت نے بنوایا۔ یہاں پر کسی نے کام کیا ہے وہ کانگریس نے کیا اور مستقبل میں بھی کانگریس ہی کر سکتی ہے۔