ملازمین کی غفلت شعاری سے اندھیرااب اہلیانِ سرنکوٹ کامقدربن چکا
افتخارجعفری
سرنکوٹ ؍؍ تحصیل سرنکوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ بادستور جاری ہے جس کی وجہ سے بجلی صارفین کو گناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ موسم سرما کے آغاز سے ہی بجلی کٹوتی کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو کہ با دستور جاری ہے۔تحصیل سرنکوٹ کی بیشتر آبادی جو دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔بیشتر علاقوں سے موصول ہوئی اطلاعات کے مطابق بجلی سپلائی زیادہ تر علاقوں غائب ہے جس سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس ضمن میں لوگوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بارش برسنے سے قبل ہی دیہاتوں سے بجلی غائب ہو جاتی ہے جسے بحال ہونے میں کئی دن لگ جاتے ہیں۔لوگوں کا کہنا تھا کہ تحصیل سرنکوٹ میں یہ معمول بن چکا ہے کہ آسمان پر بادلوں کے نمودار ہوتے ہی بجلی غائب ہو جاتی ہے اور پھر موسم صاف ہونے کے بعد ہی بجلی بحال کی جاتی ہے جوکہ تحصیل و ضلع انتظامیہ کی بڑی لا پرواہی ہے۔ لوگوں نے مقامی ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ذیادہ تر مقامی ملازمین اپنے ذاتی کاموں میں مشغول رہتے ہیں اور سرکاری ڈیوٹی میں کوتاہی سے کام لیتے ہیں جس کا خمیازہ لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔لوگون نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ملازمین پر کڑا شکنجا کسا جائے تاکہ بجلی نظام کو بہتر بنایا جاسکے