ہانگ کانگ، (ژنہوا)ہانگ کانگ میں کوروناوائرس کے تین نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور اسکے ساتھ ہی یہاں انفیکشن میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوگئی ہے ۔صحت کے تحفظ کے محکمے کے مطابق چین کے ووہان سے یہاں آئے تین لوگوں کی جانچ میں کوروناوائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں اسپتال میں الگ سے نگرانی میں رکھاگیاہے ۔ہانگ کانگ میں کوروناوائرس کا پہلا معاملہ 19جنوری کو ٹرین سے چین سے آئی 62سالہ خاتون میں پایا گیاتھا۔اس خاتون نے 20جنوری کو بخار اور کھانسی کی شکایت کے بعد اسپتال میں جانچ کرائی،تو کوروناوائرس کی علامات پائی گئیں۔اس کے بعد اس خاتون کے گھرکے دیگر افراد میں بھی اس انفیکشن کی علامات پائی گئی ہیں۔اس کے علاوہ ووہان سے 22جنوری کو ہانگ کانگ آئے 62سالہ اور 63سالہ ایک جوڑے میں بھی اس انفکیشن کی علامات پائی گئی ہیں۔سی ایچ پی کے مطابق 31دسمبر سے اب تک ہانگ کانگ میں کوروناوائرس کے 239مشتبہ معاملے پائے گئے ہیں،جبکہ پانچ مریضوں میں اس انفیکشن کے پائے جانے کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ژنہوا۔