موسم خشک مگر شہر وگام کی سڑکیں زیر آب ہیں

0
0

سری نگر؍؍وادی کشمیر میں منگل کی دوپہر سے اگرچہ موسم خشک ہے اور شبانہ درجہ حرارت میں بھی مزید بہتری واقع ہوئی ہے تاہم حالیہ برف باری سے شہر و گام کی سڑکیں لگاتار زیر آب ہونے کے باعث لوگوں کا چلنا پھرنا امر محال بن گیا ہے۔ادھر وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والے سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بدھ کے روز صرف درماندہ گاڑیوں کی نقل وحمل کے لئے ہی کھلی رہی۔ہائی وے ذرائع نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر بدھ کے روز درماندہ گاڑیوں جو جموں سے سری نگر آرہی تھیں، کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔محکمہ موسمیات نے وادی میں ماہ رواں کی 28 تاریخ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں مطلع ابر آلود رہنے کے باعث سری نگر کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری واقع ہوئی ہے تاہم وادی کے دوسرے علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت کہیں بہتر تو کہیں مزید بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان کے 33 ویں دن بروز بدھ موسم خشک مگر ابر آلود رہا تاہم حالیہ برف باری کے باعث شہر و گام کی سڑکیں زیر آب ہیں جس کے باعث لوگوں کو چلنے پھرنے میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں پانی اس قدر جمع ہے کہ بچے اور عمر رسیدہ افراد اگر ان میں گر جائیں گے تو ایک بہت بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گاڑیاں جب ان گڑھوں کو پار کرتی ہیں تو وہ ان میں پھنس جاتی ہیں اور پھر چھینٹیں پا پیادہ مسافروں کو اس قدر بر باد کرتی ہیں کہ وہ گھر رہتے ہیں نہ گھاٹ کے رہ جاتے ہیں۔صحافیوں کا کہنا ہے کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے حاطے میں پانی ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہونے کے بجائے بڑھ ہی جاتا ہے اور دفتر میں داخل ہونا کسی دریا کو پار کرنے سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ دفتر میں داخل ہونے کے لئے انتہائی حتیاط سے چلنا پڑتا ہے کہ کہیں پیر پھسل نہ جائے اگر پیر ہھسل گیا تو دفتر کے بجائے دھوبی کے گھاٹ ہی نہیں بلکہ برزلہ میں واقع میں ہڈیوں کے ہسپتال کا بھی رخ کرنا پڑے گا۔وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔یونین ٹریٹری آف لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 21.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا