لازوال ڈیسک
جموں؍؍ ترقیاتی کاموں کو تیز کرتے ہوئے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر بلدیو سنگھ بلوریہ نے گاندھی نگر حلقہ کے سیکٹر6، گنگیال میں ٹائلیں بچھانے کا کام شروع کیا۔ یہ کام جموں میونسپل کارپوریشن کی نگرانی میں ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر بلواریہ نے کہا کہ علاقہ کے مکینوں کایہ پرانا مطالبہ تھا کہ سڑک کی حالت جلد بہتر کی جائے۔ بلواریہ نے کہا کہ انہوں نے 2018 کے میونسپل الیکشن میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ گنگیال کو ماڈل وارڈ بنائیں گے اور ان کے وعدے کو پورا کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں۔اس کا کریڈٹ مقامی لوگوں کو دیتے ہوئے بلواریہ نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہر علاقے میں ترقیاتی کام ممکن ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے مفت کا جھوٹا وعدہ کر کے پنجاب کے اقتدار پر قبضہ کر لیا اور بعد میں وہ ان وعدوں کو پورا کرنے کے لیے وزیر اعظم کے سامنے کٹورا لے کر کھڑی ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو فرضی وعدے کیے بغیر ہر علاقے کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے میں یقین رکھتی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے بنیادی منتر پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پی ایم نریندر مودی کی قیادت میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے سربراہ رویندر رینا، بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول بھی بوتھ سطح پر جموں و کشمیر کے استفادہ کنندگان سے ملاقات کر رہے ہیں۔