سری نگر//جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے جمہ گنڈ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں تین عدم شناخت ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ سرحدی ضلع کپواڑہ کے جمہ گنڈ علاقے میں دراندازی کے ذریعے جنگجو اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقے میں محصور ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو بدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
اُن کے مطابق کچھ دیر تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ جمہ گنڈ کپواڑہ میں لشکرطیبہ کے تین ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔