بانڈی پورہ؍؍ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے آج ضلع کے بالائی علاقوں میں برف ہٹانے کے کام اورلازمی اشیأ کی دستیابی کاجائزہ لیا۔انہوںنے ارن ،سملر،چونٹی مولہ،کُدارا،ارہ گام چٹی بانڈے ،گجر پتی ،گروورہ ،شوک بابا اوردیگر ملحقہ علاقوں میں برف ہٹانے کے کام کاجائزہ لیا۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کے ساتھ ملاقات کی اورانہیں درپیش مشکلات اورمعاملات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہیں بتایا گیا کہ بانڈی پورہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برف ہٹانے کا کام سرعت کے ساتھ جاری ہے اوریہ کام اتوارتک مکمل ہوجائے گا۔انھیں بتایا گیا کہ ضلع کی تمام اہم سڑکوں اوررابطہ سڑکوں پر سے پہلے ہی برف ہٹالی گئی ہے اوراس مقصد کے لئے 20سنو کلیرنس مشینوں کو کام پر لگایا گیا ۔اس دوران ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ پورے ضلع میں بجلی کی سپلائی کو بحال کیا گیا ہے ۔انہیں مزید بتایا گیا کہ ضلع کے تمام علاقوں میں لازمی اشیأ کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔