مرکزی وزرا کا دورہ کشمیری عوام کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق: یوسف تاریگامی
یواین آئی
سرینگر؍؍سی پی آئی (ایم ) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے 36 مرکزی وزرا کے ہفتہ سے شروع ہونے والے یک ہفتہ دورہ جموں کشمیر کے رد عمل میں کہا ہے کہ یہ دورہ کشمیری عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزرا یہاں پرانی باتوں کو ہی دوہرائیں گے جبکہ زمینی سطح پر انہیں عمل میں نہیں لایا جائے گا۔محمد یوسف تاریگامی نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی میں عوامی حقوق کو بحال کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔انہوں نے کہا: ‘وادی کے سیاسی لیڈروں کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے اور علاقائی جماعتوں کی سرگرمیوں کو بھی روکا گیا ہے جبکہ یہاں سب سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ یہاں عوامی حقوق کو بحال کیا جائے’۔تاریگامی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی طرف سے جاری حکم نامے کو یہاں مانا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم نامے کو بحال کیا جانا چاہئے اور یہاں انٹرنیٹ خدمات بحال ہونی چاہئے۔موصوف سی پی آئی (ایم) لیڈر نے کہا کہ ماہ نومبر میں ہوئی بھاری برف سے ہوئی تباہی کا جائزہ لینے کے لئے یہاں کوئی مرکزی وزیر نہیں آیا۔انہوں نے کہا: ‘ماہ نومبر میں ہوئی تباہ کن برف باری سے ہوئے میوہ باغات اور زعفران کی فصل کو ہوئی تباہی کا جائزہ لینے کے لئے مرکز کے کسی جونئر وزیر نے بھی یہاں آنے کی زحمت نہیں کی، جموں میں بھی بارشوں سے فصلوں کو نقصان پہنچا لیکن کوئی مرکزی وزیر نقصان کا جائزہ لینے کے لئے نہیں آیا’۔تاریگامی نے کہا کہ آج یہ لوگ یہاں وہیں باتیں دوہرانے آرہے ہیں جو اس سے پہلے بھی دوہرائی گئیں لیکن ان پر عمل در آمد نہیں ہوا۔