چیئرمین نے کام کاج میں انکی تن دہی کو سراہا ، مزید کوششوں پر دیا زور
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنے عملے کے ساتھ تال میل کو بڑھانے اور اپنے کنبے میں آپسی گفت و شنید کے اپنے نظرئے کو پروان چڑھاتے ہوئے جموں وکشمیر بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبرگُرگاؤں میں اپنے 250سے زائد ملازمین سے ملاقی ہوئے۔ اس سٹاف ملن میں انکے ہمراہ بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو، پریزیڈنٹ سنیل گپتا، ارون گنڈوترا، زونل ہیڈ دہلی نارتھ فیاض احمد صدیقی، وائس پریزیڈنٹ فیاض احمد زرگر، امتیاز احمد حسینی اور ونود کمار شرما کے علاوہ قومی راجدھانی خطے (NCR)میں تعینات جموں و کشمیر بینک کے مختلف عہدوں پر مامور بینک ملازمین نے شرکت کی۔ سٹاف ممبروں کے باہمی مظبوط رشتے کی تائید کرتے ہوئے چیئرمین نے اُنکی تن دہی اور جذباتی لگاؤ کے ساتھ کام کرنے پر انہیں شاباشی دیدی اور کہا کہ اپنے سٹاف کے کھلے اور مسکراتے چہروں نے دہلی میں انکی تھکان کا کم کردیا۔سٹاف کے تاثرات بغور سن کر چیئرمین نے زور دیکر کہا کہ بینک کے مالی سال 2019-20 کے اہداف کو پورا کرنے کیلئے ہم سب کو اپنی کوششوں میں مزیدایک قدم آگے رہنا ہے۔ اس موقع پر بولتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ بنیادی سطحوں پر ہر ایک ملازم کو یہ آزادی حاصل ہے کہ وہ حقداروں کو مستحق قرضوں کی واگزاری میں فراخدلی دکھائیں اورکسی قسم کی سفارش یا طرفداری کے بغیر اپنے کام کاج میں شفافیت لائیں ۔اصل کاروبار کے علاوہ ہمیں جزوی آمدن، قرض وصولیابی اور غیر منافع بخش قرضوں کی روک تھام پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور ملک کے باقی حصوں میں اپنے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے انتھک محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ ڈسپلن ہمارا شیوہ ہے اور بہتر کسٹمر سروس ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اپنے سٹاف کے ساتھ ملاقات کے دوران بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹر نے انہیں یہ یقین دہانی کرائی کہ جموں و کشمیر بینک کسی دوسرے بینک سے مدغم نہیں ہونے والا ہے اور اس بینک کی بنیادیں مظبوط ہیں اورجموں کشمیر و لداخ حکومتوں کے مکمل تعاون سے یہ بینک مزید بلندیاں چھوئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بینک محفوظ ہاتھوں میں ہے اور ہمارے بورڈ آف ڈایئریکٹرس میں پیشہ ور لوگ شامل ہیں جن میں آئی ایس ایس آفیسر، چارٹرڈ اکاؤٹنٹ، کارپوریٹ لیڈر وغیرہ شامل ہیں جن کی رہنمائی سے ہمارے انتظام کار میں کافی بہتری آئی ہے۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ سٹاف کی کمی کو بہت جلد پورا کیا جائے گا اور تعیناتی عمل میں مکمل شفافیت اور احتساب ہوگا۔ ہم ملک کے بڑے کاروباری مراکز میں اپنی موجودگی کو بڑھانا چاہتے ہیں اور جموں و کشمیر خطوں میں کاروباریوں کو بازآبادکاری پیکیج کی عمل آوری میں بھی سرعت لائیں گے۔ چیئرمین کی تقریر سے پہلے زونل ہیڈ فیاض ا حمد صدیقی نے بینک کی اعلیٰ انتظامیہ سمیت تمام سٹاف کا خیر مقدم کرتے ہوئے دہلی زون کے مکمل کام کاج کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور چیئرمین کو یہ یقین دلایا کہ اس زون کے سارے ملازمین بینک کے اہداف کو پورا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے اور بینک کی کامیابی کیلئے محنت و لگن سے کام کرتے رہیں گے۔