سڑک حادثات پر قابو پانے کے لئے احتیاطی اقدامات کرنا لازمی :آر آر بھٹناگر
تیز رفتاری کی وجہ سے سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں : ڈاکٹر اَصغر حسن سامون
روڑ سیفٹی اقدامات کے بارے میں جامع بیداری پیدا کی جانی چاہیئے:ڈاکٹر اویس احمد
بشیر احمد/ابراہیم خان
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا ہے کہ سڑک حادثات پر قابو پانے کے لئے احتیاطی اقدامات کرنا لازمی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس حوالے سے ٹریفک قوانین پر عمل آوری کرنے اور بیداری پروگراموں کا اِنعقاد بھی ضروری ہے ۔ مشیر موصوف نے اِن خیالا ت کا اِظہار گلشن گرائونڈ جموں میں31ویں قومی روڑ سیفٹی ہفتے کا اِفتتاح کرنے کے بعد کیا ۔یہ ہفتہ پورے جموں وکشمیر میں 11؍ جنوری سے 17؍ جنوری 2020ء تک منایا جارہا ہے۔مشیر موصوف نے نیشنل روڑ سیفٹی ہفتے کی اِفادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔اُنہوں کہا کہ اس حوالے سے بیداری پروگراموں کا بھی اِنعقاد کیا جانا چاہیئے جن میں نوجوانوں اور سکولی بچوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ سماج کے سبھی طبقوں کے لوگوں کو ٹریفک قوانین سے روشناس کیا جانا چاہیئے ۔مشیر موصوف نے کہا کہ بہتر انجینئر نگ ، ٹریفک قوانین کی عمل آوری اور بیداری پروگراموں سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔مختلف سکیموں کا ذکرکرتے ہوئے آر آر بھٹناگر نے کہا کہ حکومت نے روڑ ایکسیڈنٹ وِکٹم فنڈ بھی شروع کیا ہے جس کے لئے ایک کروڑ روپے کا کارپس مقرر کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے سڑک حادثات سے متعلق جانکاری حاصل کرنے کے لئے روڑ ایکسیڈنٹ ڈیٹا منیجمنٹ نظام شروع کیا گیا ہے۔مشیر نے مزید کہا کہ گرین فیول اور گرین ٹرانسپورٹ کی بھی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے تاکہ آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔اُنہوں نے اِس موقعہ ایک واقتھن کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا ۔جس میں کافی تعداد میں سکولی بچوں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ محکمہ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتاری کی وجہ سے سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ روڑ سیفٹی ہفتے کے دوران کئی پروگراموں کا اِنعقاد کیا جائے گا جس سے عام لوگوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ٹرانسپورٹ کمشنر جموںوکشمیرڈاکٹر اویس احمد نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڑ سیفٹی اقدامات کے بارے میں جامع بیداری پیدا کی جانی چاہیئے۔ واضح رہے کہ اِس برس کے نیشنل روڑ سیفٹی ہفتے کے دوران ٹریفک قوانین کی پاسداری کے ساتھ ساتھ محفوظ ڈرائیورنگ سے جُڑے امور کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پروگرام میں آئی جی پی ٹریفک ٹی نمگیال ، ڈائریکٹر سٹیٹ موٹر گراجز زیڈ ۔ایچ ۔چودھری ، سپیشل سیکرٹری ٹرانسپورٹ راہل شرما ، ایس ایس پی ٹریفک جموں جوگندر سنگھ اور کئی دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔