لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ آل جموں کشمیر اینڈ لداخ ٹیچرز فیڈریشن نے اکھل بھارتیہ راشٹریہ شکشک مہاسنگھ کے ساتھ ملحقہ نئی پنشن اسکیم (این پی ایس) پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کو این پی ایس واپس لانے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر، دیوراج ٹھاکر صدر آل جموں کشمیر اینڈ لداخ ٹیچرس فیڈریشن ،اکھل بھارتیہ راشٹریہ شکشک مہاسنگھ نے آج یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کا پختہ خیال ہے کہ دیگر سرکاری ملازمین سمیت تمام ملازمین کو گارنٹی پنشن ملنی چاہئے اور ملازم کی موت کے بعد فیملی پنشن کی اجازت ہونی چاہئے۔ ٹھاکر نے حکومت کو خبردار کیا کہ این پی ایس مکمل طور پر ملازمین کے خلاف ہے اور ملازمین کے ساتھ ساتھ اس کے خاندان کے ساتھ بھی بڑی ناانصافی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کو یہ معلوم نہیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کیا اور کیسے ملے گا جہاں ملازمین کو فکر ہے کہ وہ اور اس کے خاندان کا بڑھاپا کیسے گزرے گا۔ انہوں نے کہاکہ این پی ایس نہ تو قوم کے مفاد میں ہے اور نہ ہی یہ ملازمین کو کم از کم پنشن کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لے اور یکم جنوری 2010 کے بعد اپنی سروس جوائن کرنے والے ملازمین کو پرانی پنشن سکیم کی اجازت دے۔