لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے ۔ کے ۔ شرما نے تعمیراتِ عامہ محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دردست لئے گئے کاموں اور پروجیکٹوں میں معیار کو برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں۔مشیر موصوف ڈائریکٹوریٹ آف ڈیزائن انسپکشن اینڈ کوالٹی کنٹرول ( ڈی آئی کیو سی ) کی ایک میٹنگ میں بول رہے تھے۔میٹنگ میں تعمیراتِ عامہ محکمہ کے ڈائریکٹر فائنانس مظہر خان اور ڈی آئی کیو سی کے جوائنٹ ڈائریکٹر کے علاوہ کئی دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تعمیراتِ عامہ محکمہ میں معیار سے جڑے معاملات کی نگرانی ڈی آئی کیو سی کرے گاجس کو ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مستقبل میں تعمیر کی جانے والی سڑکوں کے منصوبوں کو مذکورہ ڈائریکٹوریٹ منظوری دے گا اور لازمی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ بھی تیار کئے جائیں گے ۔مشیر نے معیار کی نگرانی کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے مختلف محکموں کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیئے اور ڈی آئی کیو سی کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جانا چاہیئے۔مشیر موصوف نے مستقبل قریب میں ترتیب دی جانے والی سٹیٹ روڑ مینٹننس پالیسی پر بھی افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے بتایا کہ اس پالیسی سے جموں وکشمیر میں سڑکوں کی تعمیر و تجدید اور رکھ رکھا ئو کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔مشیر موصوف نے جموںوکشمیر کے سابق وزیر اور ڈوگرہ صدر سبھا کے صدر گلچین چاڈک کے ساتھ بھی ڈوگری تمدن کے مختلف پہلوئوں تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر مبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس کی بحالی پر بھی غور و خوض کیا گیا۔سابق قانون ساز محمد امین بٹ نے بھی مشیر کے ساتھ ملاقات کرکے دیو سر حلقے کے کئی ترقیاتی معاملات پر اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔