عراق کا غیر ضروری سفر نہ کریں:مرکزی حکومت
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍مرکزی حکومت نے خلیجی ممالک جانے والے مسافروں کے لئے سفری ہدایت نامہ جاری کرکے کہا ہے کہ وہ عراق کا غیر ضروری سفر نہ کریں۔کشمیر نیوز سروس(کے این ایس ) مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق عراق میں گزشتہ دنوں رونما ہوئے واقعات کے پیش نظر وزارت خارجہ نے بدھ کو ایک ایڈوائزری جاری کی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عراق کی موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آئندہ اطلاعات تک عراق کے اپنے غیر ضروری سفر کو ٹال دیں۔ عراق میں رہ رہے ہندوستانیوں کو بھی محتاط رہنے اور ملک میں کہیں آنے جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔حکومت نے کہا کہ بغداد میں واقع ہندوستانی سفارت خانے اور اربیل میں قونصل خانے حسب معمول کام کر رہے ہیں اور ہندوستانی شہریوں کو ہر ممکن امداد فراہم کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جمعہ کو ایرانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے میں مارے جانے کے بعد تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ سلیمانی کی ہلاکت کے انتقام میں منگل کی شب ایران نے عراق میں واقع امریکی اور اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کرنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ کا خدشہ بڑھ ہو گیا۔