سیکورٹی بندوبست کا لیا جائزہ ، مسافروں کو پیش آ رہی مشکلات پر غور و فکر
افتخار جعفری/آکاش ملک
سرنکوٹ گورنر مشیر ، کے وجے کمار اور کے کے شرما نے تاریخی مغل روڈ کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے تاریخی مسافروں کے لئے سیکورٹی اور سہولیات کا معائنہ بھی کیا،واضح رہے کہ یہ روڈ جموں، ضلع پونچھ اور راجوری کو وادی سے جوڑنے کا متبادل راستہ ہے۔گورنر مشیروں کے اس دورے پر کمشنر سیکریٹری، محکمہ جنگلات منوج کمار ڈیوویڈی اور پرنسپل چیف کنزرویٹو آف جنگلات روی کمار کیسر ہمراہ تھے۔راستے میں مشیروں نے مختلف جگہوں کا جائزہ لیا اورپوشانہ کے مقام پر ، اجلاس طلب کیا جس میں ڈی جی راجوری پونچھ رینج، ڈپٹی کمشنر پونچھ، ڈی سی شوپیاں ، ایس ایس پی پونچھ ، ڈی ایف او، اے ڈی سی، وارڈن وائلڈ لائف، آرمی اور دیگر سیول انتظامیہ کے آفیسران شامل تھے ۔مشیروں نے پوشانہ میں گاڑیوں کی لی جا رہی تلاشی کے عمل کا جائزہ لیا. انہوں نے کہا کہ گاڑیاں چیک کرنے کے لئے ذیادہ اہلکاروں کی تعیناتی اور جگہ بڑھانے کی ضرورت ہے. مشیر کے وجے کمار نے ایس ایس پی پونچھ کو ہدایت کی کہ پیر گلی میں مزید پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔ اجلاس میں گاڑی سکینرز، ٹیکنالوجی اور ٹریکنگ کے نظام کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مغل روڈ پر موبائل رابطہ کے نظام اور پیرا میڈیکل سہولیات پر بھی تبادلہ خیال ہوا .. پیر کی گلی سمیت مغل روڈ پر سیاحتی فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔مغل روڈ پر سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے لئے مشیر کے کے شرما نے ڈی سی پونچھ کو ہدایت دی کہ محکمہ جنگلات کے ساتھ تعاون تال میل قائم رکھیں تاکہ سیاحتی ڈھانچے کو فروغ حاصل ہو۔ میٹنگ کے دوران مسافر شڈوں کی تعمیر، مستقل و غیر مستقل ہوٹلوں کے ڈھانچے ، بیت الخلا ، ودیگر کئی ضروری سہولیات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقعہ پر پوشانہ کے عوامی نمائندوں نے بھی مشیر سے ملاقات کی. جس دوران انہوں نے نے سڑک کی مانگ کی اور پوشانہ میں قائم سب سینٹر کی توسیع کا مطالبہ کیا۔مشیروں نے لوگوں کی مطالبات کو سننے کے بعد انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے۔