بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے جمعہ کو لوگوں سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد سے دور رہنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے ممبئی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ مجھے تشدد پسند نہیں ہے ، خواہ وہ کوئی بھی ہو ، صرف تشدد مت کیجئے ، املاک کو تباہ مت کیجئے ، ایسا مت کیجئے ، تشدد سے دور رہئے ، آپ ایک دوسرے کو جو کچھ کہنا چاہتے ہیں ، مثبت انداز میں کہئے ، ایک دوسرے سے بات کیجئے ، تشدد روکئے ، کسی کی املاک کو تباہ مت کیجئے ، کسی کو بھی ایسا نہیں کرنا چاہئے ۔
قابل ذکر ہے کہ بالی ووڈ کی کئی ستارے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف عدم اطمینان کا اظہار کرچکے ہیں ۔ فرحان اختر ، پرینیتی چوپڑا، انوراگ کشیپ ، رچا چڈھا ، محمد ذیشان ایوب ، شبانہ اعظمی ، جاوید اختر ، سیف علی خان ، ریتک روشن اور سورا بھاسکر سمیت کئی فلمی ہستیوں نے سی اے اے کے خلاف عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا ۔
خیال رہے کہ 19 دسمبر کو ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں سی سے اے کے خلاف بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے ، جس میں کئی سیاسی پارٹیوں کے کارکنان ، طلبہ اور بالی ووڈ کی اہم شخصیات شامل تھے ۔ اس میدان میں 1942 میں مہاتما گاندھی نے انگریزو بھارت چھوڑو کا نعرہ دیا تھا ۔