یو این آئی
نئی دہلی//صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ہرش وردھن نے فلمی دنیا کی کامیاب اننگز کے بعد سیاست میں شاندار کردار ادا کرنے والے وزیر اعلی کی کرسی پر فائز ہونے والی پہلی فلمی ہستی ایم جی رامچندرن کو منگل کو ان کی برسی پر گلہائے عقیدت پیش کی۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی کو عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا‘‘ ہندوستان میں وزیر اعلی بننے والے پہلے فلم اداکار اور انادرمک کے بانی مسٹر ایم جی رامچندرن جی کی برسی پر خراج عقیدت۔ مسلسل 10 سال تک تمل ناڈو کے وزیر اعلی کے طور پر آپ نے بے مثال کام کئے ، ریاست کے عوام آپکو کو ‘مکل تھلاگم’ کے نام سے پکارتے ہیں’’۔ مسٹر رامچندرن کی پیدائش 17 جنوری 1917 کو سری لنکا کے کینڈی میں ہوئی تھی۔ ایم جی آر کے نام سے مشہور مسٹر رامچندرن ایک سپر ہٹ اداکار، فلم ساز اور انتہائی کامیاب سیاستدان تھے ۔ انہوں نے سال 1936 فلم ‘ستی لیلاوتی’سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ وہ 1977 سے 1987 کے درمیان دس سال تک تمل ناڈو کے وزیر اعلی رہے ۔ ان کا انتقال وزیر اعلی کے عہدے پر رہتے ہوئے 24 دسمبر 1987 کو ہوا تھا۔ فطری طور سے رحمدل مسٹر رامچندرن لوگوں کے درمیان انتہائی ہردلعزیز تھے ۔