حیدرآباد؍؍ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج چھٹویں دن بھی جاری ہے ۔اس مسئلہ پر احتجاج کے لئے بعض کسانوں نے خیمہ ڈالنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کو ایسا کرنے سے روک دیا۔اس موقع پرکسانوں اور پولیس کے درمیان بحث وتکرار ہوگئی اور صورتحال کچھ دیر کے لئے کشیدہ ہوگئی۔اسی دوران منگل گری منڈل کے کسانوں نے سڑک پر دھرنا دیا جس کے نتیجہ میں ٹریفک کی آمد ورفت متاثر ہوئی۔ان کسانوں نے تین دارالحکومتوں کی وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی تجویز کے خلاف نعرے بازی کی۔اس موقع پر بعض افرادنے اپنے آدھے سر کو مونڈھ دیا اور بھیک مانگ کر انوکھا احتجاج کیا۔ان کسانوں نے مطالبہ کیا کہ تین دارالحکومتوں کی تجاویز سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے اور ان کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔بعض کسانوں نے اپنے گلے میں پتے ڈال کر احتجاج کیا اور کہا کہ وہ حکومت کی توجہ مرکوز کرنے کیلئے ہی ایسا انوکھا احتجاج کررہے ہیں۔کسانوں نے اس احتجاج کے حصہ کے طورپر سڑک پر پکوان کیا تاکہ حکومت پر دباو ڈالا جاسکے کہ وہ اپنی اس تجویز کو واپس لے لے ۔ان کسانوں کا کہنا ہے کہ امراوتی میں انفراسٹرکچر تیار ہے اور تین دارالحکومتوں کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے ۔