یواین آئی
ویلنگٹن//نیوزی لینڈ کے وائٹ آئی لینڈ (جزیرے )کے آتش فشان میں ہوئے دھماکے کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھکر 17ہوگئی ہے ۔نیوزی لینڈ پولیس نے پیر کو یہ اطلاع دی۔آکلینڈ کے ایک اسپتال میں داخل ایک شخص کی اتوار کی رات کو موت ہوگئی۔مقامی میڈیا کے مطابق آتش فشاں سے متاثر ہوئے 14لوگ ابھی بھی نیوزی لینڈ کے چار الگ الگ اسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 10کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ریڈیو نیوزی لینڈکی ایک رپورٹ کے مطابق نودسمبرکو وائٹ آئی لینڈ آتش فشاں میں دھماکے کے وقت وہاں 47افراد موجود تھے جن میں زیادہ تر آسٹریلیائی سیاح تھے ۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اس حادثے میں ہلاک شدگان کے کنبوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیاتھا۔ واضح رہے کہ وائٹ آئی لینڈ آتش فشاں سیاحوں کے درمیان کافی مقبول ہے جہاں لوگ کشتی اور ہیلی کاپٹر کے ذریعہ جاسکتے ہیں،حالانکہ اس حادثے کے بعد وہاں جانے پر فی الحال روک لگا دی گئی ہے ۔