154سنو کلیرنس مشینوں اور6,500ایس ایم سی ،یو ایل بی اَفراد کی خدمات حاصل کی گئیں
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍تازہ برفباری کے پیش نظر صوبائی کمشنر نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ لائین محکموں بشمول ایم ای ڈی،پی ڈبلیو ڈی ،پی ایچ ای ،ایس ایم سی ،پی ڈی ڈی ،یوای ای ڈی ،ٹریفک اورہیلتھ کو متحرک کردیا ہے۔انہوںنے ان محکموں سے کہا ہے کہ وہ عوام کے لئے بلاخلل لازمی خدمات کی دستیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔صوبائی کمشنر بصیرا حمد خان نے اِن باتوں کا اِظہار آج منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کیا جس دوران اُنہوںنے تازہ برفباری سے پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر کشمیر،مختلف محکموں کے چیف انجینئران ،کمشنر ایس ایم سی ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز واربن لوکل باڈیز اور باغبانی ،پرنسپل جی ایم سی ،جوائنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈایمرجنسی سروسز اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے جب کہ وادی کے 9اَضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس دوران صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں سے سڑکوں اورگلی کوچوں کے علاوہ سیاحتی مقامات گلمرگ اورپہلگام جانے والی سڑکوں پر سے برف ہٹائے جانے کے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اُنہوںنے برفباری سے پیداشدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے دن رات کام کرنے والے کنٹرول رومز اور ڈیزاسٹر سینٹر وٹول فری نمبرات کو چالو حالت میں رکھنے کی ہدایت دی ۔صوبائی کمشنرنے بالائی علاقوں سمیت تمام علاقوں میںایل پی جی ،راشن اوردیگر اشیأ ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ ایم ای ڈی نے سڑکوں پرسے برف ہٹانے کے لئے 154مشینوں کو کام پر لگایا گیا ہے جب کہ رابطہ سڑکوں پر سے بھی برف ہٹانے کے کام کے مقصد سے ایس ایم سی اوریو ایل بی کے 6,500اَفراد کو کام پر لگایا ہے۔صوبائی کمشنر نے محکمہ صحت عامہ اورڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو پینے کے پانی اورصحت سہولیات کی بلا خلل دستیابی کو بھی یقینی بنانے پر زوردیا۔انہوںنے ہسپتالوںمیں ڈاکٹروں اورنیم طبی عملہ کی صدفیصد حاضری کو یقینی بنانے کے احکامات دئے۔اس دوران صوبائی کمشنرنے ڈپٹی کمشنروں پر زوردیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ عوامی رابطہ پروگراموں کا انعقاد کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات ومعالات کا موقعہ پر ہی ازالہ کیاجاسکے۔