حیدرآباد؍؍باورچی خانہ کی اہم شئے پیاز کے دام میں اضافہ سے گھر چلانے کا بجٹ بڑھ گیا اور میں عوام کوکئی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ہر طرف پیاز کے لئے ہاہاکار مچی ہوئی ہے ۔جہاں کہیں بھی حکومت کی جانب سے سبسیڈی پر پیاز فروخت کی جارہی ہے وہاں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے اور پیاز حاصل کرنے کیلئے لوگ ایک دوسرے پرسبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔سبسیڈی والے مراکز پر عوام کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ایسی ہی ایک طویل قطار میں ٹہرا ہوا شخص دل کا دورہ پڑنے سے گر پڑا اور اس کی موت ہوگئی۔یہ واقعہ اے پی کے ضلع کرشنا کے گُڈی واڑہ کے رعیتو بازار میں پیش آیا جہاں سبسیڈی پر25روپئے کیلو کے حساب سے پیاز کی فروخت کی اطلاع پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور لوگوں کی طویل قطاردیکھی گئی۔اس قطار میں 65سالہ این سامبیا بھی صبح ہی سے ٹہرا ہوا تھا۔اسی دوران قطار میں وہ بے ہوش ہوکرگر پڑا،اس کو فوری طورپر اسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرس نے معائنہ کے بعد اس کو مردہ قرار دیا۔ڈاکٹرس نے کہاکہ دل کا دورہ پڑنے سے اس کی موت ہوئی ہے ۔