جموں میں 65ویں قومی سکول کھیلوں کا اہتمام؛
مشیرنے والی بال قومی سکول گیمزکا آغاز کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا ہے کہ کھیل کود کی بدولت بچوں میں نظم و ضبط پید اہونے کے ساتھ ساتھ اُنہیں معزز شہری بنانے میں مدد ملتی ہے۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں انڈر 17 والی بال کے 65ویں نیشنل سکول گیمز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔یہ کھیل 9؍ دسمبر سے 13دسمبر تک کھیل گائوں نگروٹہ میں منعقد ہو رہی ہیں۔ مشیر موصوف نے کھیل گائوں نگروٹہ میں سنتھٹک فٹ بال ٹرف کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس کھیل میں مختلف ریاستوں اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والی 34ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔اس موقعہ پر فائنانشل کمشنر فائنانس اے کے مہتا،سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ ، ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈاکٹر سلیم الرحمان اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر فاروق خان نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ مہمان ٹیمیں یہاں کی مہمان نوازی او راخوت کے پیغام کو ملک بھر میں عام کریں گے ۔نگروٹہ میں کھیل گائوں کے قیام پر بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اِس میں کھیل سرگرمیوں کو فروغ دینے کے کافی وسائل موجود ہیں اور اِنتظامیہ کھیل گائوں کو بڑھاوا دینے کے لئے ہرممکن مدد دے گی۔اس موقعہ پر اے کے مہتا نے جموں وکشمیرمیں کھیل سرگرمیوں کو بڑھاواد ینے کی کوششوں کی ستائش کی۔اس سے قبل ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے اپنے خطاب کے دوران جموں وکشمیر میں کھیل سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں شرکأ کو جانکاری دی ۔اُنہوں نے مشیر موصوف کو کھیل گائوں نگروٹہ کے قیام کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں بھی جانکاری دی جہاں کھلاڑیو ں کے لئے مختلف نوعیت کے تحت سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی۔