لیفٹیننٹ گورنر نے مستقبل کی ضروریات کے مطابق یاترا سہولیات میں بہتری لانے پر زور دیا
بھون ماسٹر پلان و دیگر پروجیکٹوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو جو شرائین بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں کی صدارت میں آج یہاں راج بھون میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ ( ایس ایم وی ڈی ایس بی ) کی 65ویں میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں بورڈ کے تمام ممبران ایچ سر ی سری روی شنکر ، ڈاکٹر اشوک بھان ، کے بی کاچرو، کے کے شرما، جسٹس ریٹائرڈ پرمود کوہلی ،میجر جنرل ریٹائرڈ شو کمار شرمااور وِجے دھر ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنم ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری بپل پاٹھک ،شرائین بورڈ کے سابق سی ای او سمرن دیپ سنگھ ،نئے سی ای او رومیش کمار ،ایڈیشنل سی ای او وویک ورما اور بورڈ کے چیئرمین ایم ایم گپتا نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بورڈ کے ممبران کی خوش آمدید کہتے ہوئے سابق چیئرمین ستیہ پال ملک اور سابق بورڈ ممبران کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت یاتریوں کی سہولیت کے لئے خاطر خواہ کام انجام دئیے گئے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ تمام جاری پروجیکٹوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔بورڈ نے آئندہ منعقد ہونے والی یاترا کا جائزہ لیا اور شرائین میں آنے والے یاتریوں کی تعداد میں سے نمٹنے کے لئے اُٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔چیئرمین نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ آئندہ پیش آنے والی ضروریات کے مد نظر یاترا کے عمل میں سہولیات فراہم کرنے کے لئے انتھک کوششیں انجام دیں۔اِ س موقعہ پر متعلقہ یونیورسٹی ، ہسپتال ، نرسنگ کالج ، گرو کل اور سپورٹس کمپلیکس پر جاری کام کے بارے میں خلاصہ پیش کیا گیا۔میٹنگ کے دوران درشنی دیودی سے لے کر بھون تک سی سی ٹی وی نظام متعارف کرنے کی عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس نظام کے شروع ہونے سے یاتریوں کی نقل حمل پر نظر گزر رکھی جائے گی اور مجموعی طور پر سلامتی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ اس موقعہ پر بتایاگیا کہ یہ نظام ایمرجنسی صورتحالوں کے دوران مقامی انتظامیہ اور شرائین کے لئے کافی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ بورڈ نے بھون ماسٹر پلان کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں 4000شردھالوئوں کے لئے بھون علاقے میں بڑا درگا بھون تعمیر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ بھون میں اِن لٹ کیو منجمنٹ نظام ، ایگزٹ ٹریک بھی قائم کیا جائے گا۔ بھون ماسٹر پلان کے پہلے مرحلے کو 90کروڑ روپے کی لاگت سے عملایا جائے گا۔بورڈ نے کٹرہ سے بھون اور دیگر علاقوں تک زیر زمین کیبلِنگ پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیااور بتایا گیا کہ یہ کام پہلے ہی جے ایس پی کمپنی کو الاٹ کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ تارا کوٹ مارک سے پروجیکٹ پر کام شروع کیا گیا ہے اور اسے چوبیس ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔ 78کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت کے لئے کچھ رقومات پی ایم ڈی پی کے تحت فراہم کئے جائیں گے جبکہ کچھ حصہ شرائین بورڈ فراہم کرے گا۔میٹنگ کے دوران بورڈ کے رواں سال کے اینول گرین پلان کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا گیا اور سال 2020-21 کے لئے اینول گرین پلان کو منظوری دی گئی۔بورڈ نے ملازمین کی بہبود کے لئے بھی کئی فیصلہ جات لئے اور بورڈ ملازمین کے لئے اِنسیٹو ترقیوں کے لئے ہائیر پے سکل کو بھی منظوری دی گئی۔بورڈ نے ملازمین ویلفیئر فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔جس کے لئے پہلے شرائین بورڈ کارپس فراہم کرے گااور اس کے بعد ہر ماہ تمام ملازمین اپنا حصہ ادا کیا کریں گے۔اس سے پہلے سمرن دیپ سنگھ نے شرائین بورڈ کی طرف سے عملائی جارہی متعدد سرگرمیوں اور بورڈ کی پچھلی میٹنگوں کے دوران لئے گئے فیصلہ جات کی عمل آوری کے حوالے سے کی جارہی کارروائی کا بھی ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا۔