مابعد دفعہ370کی منسوخی،جنوبی کشمیر میں بڑے پیمانے پر’کارڈن اینڈ سرچ آپریشن‘شروع

0
0

نماز فجر سے نماز ظہر تک قصبہ کولگام کا کریک ڈائون؛گھر گھر تلاشی ،جنگجو ئوں اور فوج وفورسز کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا
کے این ایس

سرینگر؍؍دفعہ370کی تنسیخ کے بعد پہلی مرتبہ پولیس ،فوج و فورسز نے سوموار کوجنوبی کشمیر میں بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف’کارڈن اینڈ سرچ آپریشن‘شروع کرتے ہوئے قصبہ کولگام کو مکمل طور سیل کرکے قریب 8علاقوں کا بیک وقت محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔نماز فجر سے لیکر نماز ظہر تک جاری رہنے والی اس جنگجو مخالف کارروائی کے دوران چو ل گام سے لارو کولگام تک سبھی داخلی وخارجی رابطہ سڑکوں کو سیل کیا گیا ،تاہم اس دوران جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔پولیس وفوج کے حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی جنگجو ئوں کے خلاف جاری آپریشنز کا ایک حصہ تھی ۔کشمیر نیوز سروس(کے این ایس ) کے مطا بق فوج ،ایس اوجی اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور سوموار کو جنوبی ضلع کولگام میں ’کارڈن اینڈ سر چ ‘ عمل میں لایا ۔فوج وفورسز نے قصبہ کولگام میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کی بنیاد پر یہ کارروائی عمل میں لائی ،جس دوران نماز فجر کے موقع پر چول گام سے لیکر لارو کولگام تک وسیع علاقے کا کریک ڈائون کرکے گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج وفورسز نے مشترکہ طور کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران 8علاقوں کا بیک وقت محاصرہ کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ قصبہ کولگام کے مرکزی بازار کے علاوہ ملحقہ علاقوں جن میں آستان محلہ ،نائیک محلہ ،کنڈی پورہ ،ریشی محلہ ،گنائی محلہ ،چھتہ بل ،رنگریز اورشاہ محلہ کو فوج وفورسز نے محاصرہ کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ نماز فجر سے لیکر نماز ظہر تک مذکورہ بالا علاقوں کا فوجی محاصرہ رہا ،جس دوران گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج وفورسز نے ’کارڈن اینڈ سرچ آپریشن ‘ کو کامیاب بنا نے کی خاطر قصبہ کولگام کے مضافاتی علاقوں کے سبھی خارجی وداخلی کو سیل گیا ،جس دوران نہ تو کسی شخص کو باہر جانے اور نہ ہی اندر آنے کی اجازت دی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ 7گھنٹوں تک جاری رہنے والے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا اور نہ ہی کسی گرفتار ی عمل میں لائی جبکہ کوئی قابل اعتراض چیز بھی نہیں برآمد کی گئی، جس کے بعد ساڑھے12بجے کے قریب اس آپریشن کو ختم کردیا گیا ۔فوج وفورسز نے کولگام کی جانب والے لارو بائی پاس اور چول گام بائی پاس کو بھی سیل رکھا گیا ۔نمائندے کے مطابق کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران کولگام میں1990کی یادیں بھی تازہ ہوئیں ۔نمائندے کے مطابق کریک ڈائون کی کارروائی کے دوران دوپہر تک قصبہ کولگام میں سبھی دکان اور بازار بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آوا جاہی بھی متاثر رہی ۔ تاہم دوپہر کے بعد کولگام میں دکانیں اور بازار کھل گئے ،جس دوران یہاں معمولات زندگی بحال ہوئے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دفعہ370کی منسوخی کے بعد یہ پہلا بڑا کارڈن اینڈ سرچ آپریشن ہے ،جس دوران وسیع علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر کارروائی عمل میں لائی گئی ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا