مرکزی سرکار نے ہندواڑہ کیلئے میڈیکل کالج منظور کیا

0
0

طبی نگہداشت کی سہولیات میں بہتری آئے گی ۔ اتل ڈولو

مرکزی سرکار نے کپواڑہ کیلئے 325 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نیا گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کرنے کو منظوری دی ہے ۔  انتظامیہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر حکومت کو صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت سے منظوری موصول ہوئی ہے ۔ ہندواڑہ میں یہ کالج 325 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کیا جائے ھگا جس میں سے 90 فیصد رقومات مرکز جبکہ باقی ماندہ دس فیصد رقومات جموں کشمیر حکومت برداشت کرے گی ۔  یہ کالج مرکزی معاوت والی سکیم  کے تحت قائم کیا جائے گا اور اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال ہندواڑہ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا ۔ اس رقم میں سے 115 کروڑ روپے انتظامی اور اکیڈمک بلاک پر خرچ کئے جائیں گے ، 80 کروڑ روپے طلاب اور فیکلٹی کیلئے رہایشی سہولیات پر صرف کئے جائیں گے جبکہ 60 کروڑ روپے ضلع ہسپتال میں ٹیچنگ فیکلٹی کو اپ گریڈ کرنے اور 70 کروڑ روپے مشینری اور دیگر آلات خریدنے پر خرچ کئے جائیں گے ۔  بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت جموں کشمیر نے اودھمپور ، لہیہ اور ہندواڑہ میں تین نئے میڈیکل کالج قائم کرنے سے متعلق منصوبہ مرکزی سرکار کو بھیج دیا تھا اور اکتوبر 2019 میں مرکزی سرکار نے ڈی پی آر اور لازمی دستاویزات کا جائیزہ لینے کے بعد اودھمپور اور لہیہ میں نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے قیام کو منظوری دی تھی جبکہ ہندواڑہ میں 5 ایکڑ اراضی کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ معاملہ التوا میں تھا اور اب جبکہ کم اراضی کو خریدا گیا اور نئے سرے سے منصوبہ مرکزی سرکار کو بھیج دیا گیا جسے مرکزی سرکار نے منظور کیا ہے ۔  فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو نے نئے میڈیکل کالجوں کے قیام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان میڈیکل کالجوں کی بدولت طبی سہولیات میں بہتری آئے گی اور ماہر طبی پیشہ وروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گا ۔  انہوں نے کہا کہ نئے میڈیکل کالجوں کے قیام سے جموں کشمیر میں میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ حاصل ہو گا اور روز گار کے زیادہ سے زیادہ وسائل بھی پیدا ہوں گے ۔  فائنانشل کمشنر نے کم سے کم وقت میں اراضی کے معاملے کو حل کرنے کیلئے ڈی سی کپواڑہ انشل گرگ کی کوششوں کی تعریف کی ۔  طبی تعلیم کو ایک بڑا فروغ دینے اور طبی سہولیات میں بہتری کیلئے جموں کشمیر یو ٹی کے پاس اب دس میڈیکل کالج ، دو ایمز اور ایک پرائیویٹ میڈیکل کالج ہو گا جو پہلے ہی کام کاج کر رہا ہے ۔  گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کرنے سے متعلق  مرکزی معاونت والی سکیم کے پہلے مرحلے کے دوران جموں کشمیر پانچ نئے میڈیکل کالجوں کے قیام کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے ان میں اننت ناگ ، بارہمولہ ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ اور راجوری میڈیکل کالج شامل ہیں ۔  ان کالجوں کو ریکارڈ مدت میں چالو کیا گیا اور میڈیکل کونسل آف انڈیا کی اجازت سے چار میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کے کلاس شروع بھی کئے گئے جبکہ جی ایم سی ڈوڈہ میں کلاس ورک اگلے تدریسی سیشن سے شروع ہونے کی اُمید ہے ۔  چار نئے گورنمنٹ میڈیکل کالج چالو کرنے سے جموں کشمیر میں گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس سیٹوں کی تعداد 400 سے بڑھ کر 885 ہو چکی ہے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا