نئی دہلی، (یو این آئی ) دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈي ڈي سي اے ) کے صدر رجت شرما کا اپنے عہدے سے استعفی لوک پال نے منظور کر لیا ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈی ڈی سی اے کو الوداع کہہ دیا ہے ۔رجت شرما کے ڈی ڈی سی اے میں ڈیڑھ سال سے زیادہ وقت کی مدت تنازعات سے بھرپور رہا اور گزشتہ سال انتخابات ہونے کے کچھ دن بعد ہی مخالفین نے ان کے خلاف محاذکھول دیا تھا۔ شرما نے اس مہینے 16 نومبر کو ڈی ڈی سی اے میں دباؤ اور سیاست کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا لیکن اس کے اگلے ہی دن ڈی ڈی سی اے کے لوک پال جسٹس بدر دریز احمد نے شرما کو اپنے عہدے پر بنے رہنے کو کہا۔اس کے تقریبا 13 دن بعد لوک پال نے شرما کا استعفی منظور کر لیا۔ شرما نے لوک پال کو اپنے تازہ استعفی میں کہا تھا کہ وہ انہیں اپنی ذمہ داریوں سے آزاد کر دیں۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا تھا کہ وہ اس تنظیم میں نہیں رہنا چاہتے جس میں بہت تنازعہ چلتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں سابق ہندستانی کرکٹر گوتم گمبھیر نے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں اپنے نام کے اسٹینڈ کی نقاب کشائی کے بعد شرما پر الزام لگایا تھا کہ وہ اپنے تکبر کے سبب کھلاڑیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔شرما نے لوک پال کو لکھے اپنے خط میں کہاکہ میں نے 16 نومبر کو صدر کے عہدے سے استعفی دیا تھا اور اس وقت تمام اسباب بتائے تھے کہ میں کیوں اس کے عہدے سے استعفی دے رہا ہوں۔ لوک پال کے حکم اور ہائی کورٹ کی ہدایات کے بعد میں اس عہدے پر رہنے کے لئے تیار ہوں لیکن ڈی ڈی سی اے کے حالات ایسے ہیں جہاں کوئی اپنا کام نہیں کر سکتا۔ اس صورت حال میں میرے لئے صدر کے عہدے پر بنے رہنا ناممکن ہے ۔رجت شرما کے تقریبا 20 ماہ کی مدت کی واحد بڑی کامیابی یہی رہی کہ دارالحکومت کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان کا نام سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے نام پر ارون جیٹلی اسٹیڈیم رکھ دیا گیا۔ اس دوران ان کے سیکرٹری جنرل ونود تھارا کے ساتھ اختلافات عوامی ہوتے رہے ۔ اگرچہ ڈی ڈی سی اے کے انتخابات میں شرما اور تھارا شانہ بہ شانہ چل رہے تھے ۔تھارا کو ڈی ڈی سی اے کی ایگزیکٹو کمیٹی نے نظم و ضبط کی بنیاد پر معطل بھی کیا تھا جسے انہوں نے دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ تھارا اور شرما کے درمیان تعلقات مسلسل خراب ہوتے چلے گئے اور ڈی ڈی سی اے کی سپریم کونسل نے بھی شرما کے خلاف محاذ کھول دیا۔لوک پال کے 17 نومبر کو شرما کے عہدے پر بنے رہنے کی ہدایات کو سپریم کونسل نے ٹھکرا دیا تھا اور کہا تھا کہ شرما کو اب عہدے پر بنے رہنے کا حق نہیں ہے ۔ گوتم گمبھیر اسٹینڈ کی رونمائی کے وقت بھی یہ اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے ۔ شرما اس نقاب کشائی کے وقت موجود نہیں تھے جبکہ گمبھیر کے ساتھ موجود جوائنٹ سکریٹری راجن منچندا نے شرما کی کھل کر تنقید کی تھی۔