نئی دہلی، 30 نومبر (یواین آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح گر کر 4.5 فیصد تک آنے کے لئے مرکز کو ذمہ دار قراردیا اور الزام لگایا کہ اس سے صاف ہو گیا ہے کہ حکومت اقتصادی ترقی کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے۔
مسز واڈرا نے ہفتہ کو ٹوئٹ کرکے کہا کہ حکومت ملک میں بے روزگاری کو کم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس نے کسانوں سے جو وعدہ کیا تھا اس کو پورانہیں کر پائی ہے اور ملک کی معیشت کو اپنی ناکامی کی وجہ سے برباد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا
’’ وعدہ تیرا وعدہ …
دو کروڑ روزگار ہر سال،
فصل کا دوگنا دام،
اچھے دن آئیں گے،
میک ان انڈیا ہوگا
معیشت پانچ ٹریلین ہوگی ..
کیا کسی وعدے پر حساب ملے گا‘‘۔
مسز واڈرا نے کہا ’’آج جی ڈی پی نمو 4.5 فیصد پر آگئی ہے. جس سے ظاہر ہوتا کہ سارے وعدے جھوٹے ہیں … اور ترقی کی خواہش رکھنے والے ہندوستان اور اس کی معیشت کو بی جے پی حکومت نے اپنی ناکامی کی وجہ سے برباد کر دیا ہے‘‘۔