نئی دہلی؍؍پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منگل کی صبح 11بجے یوم آئین کی تقریب شروع ہوئی تو کانگریس سمیت سبھی اہم اپوزیشن پارٹیوں نے اس کا بائیکاٹ کیا اور ہال میں ان کا کوئی لیڈر موجود نہیں تھا۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کوودن ،نائب صدر ایم وینکئیا نائیڈواور وزیراعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ہال میں پہنچے لیکن کانگریس صدر سونیا گاندھی ،سابق وزیراعظم من موہن سنگھ،راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد،لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈرادھیر رنجن چودھری اور دیگر اپوزیشن لیڈر نہیں آئے ۔سینٹرل ہال میں مرکزی وزراء امیت شاہ ، راج ناتھ سنگھ ، ایس جے شنکر ، اسمرتی ایرانی اور دیگر وزراء اورراجیہ سبھا اور لوک سبھا میں مختلف پارٹیوں کے اراکین بیٹھے تھے ۔تقریب میں کانگریس ، ترنمول کانگریس ، سماج وادی پارٹی ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ، راشٹریہ جنتا دل ، عام آدمی پارٹی اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ممبران اس تقریب میں موجود نہیں تھے ۔صدر کے ساتھ اسٹیج پرایک طرف لوک سبھا کے اسپیکر اور دوسری طرف نائب صدر ، وزیر اعظم اور پارلیمانی امور کے وزیر بیٹھے تھے ۔تقریب کی شروعات قومی ترانے کے ساتھ ہوئی اور پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے تقریب کی میزبانی کی۔ مسٹر کووند اور مسٹر برلا نے بند گلے کا سوٹ پہنا تھا جبکہ مسٹر مودی اور مسٹر جوشی سفید رنگ کے کرتاپجاما اور جیکٹ میں تھے ۔ مسٹر نائیڈو نے تمل ناڈو کی روایتی ویشٹی (دھوتی) اور قمیض پہنی تھی۔ مسٹر کووند ، مسٹر مودی اور مسٹر برلا نے اپنی تقریریں ہندی میں کیں ، جبکہ مسٹر نائیڈو بنیادی طور پر انگریزی میں بولے ، لیکن تمل اور ہندی کا بھی استعمال کیا۔