لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے کوثر بل ( کرسبل ) محلہ پرانے ترال قصبے میں پیش آئی آگ کی وارِدات جس میں 25اور 26؍ نومبر 2019ء کی درمیانی رات کو ایک مقامی مسجد کے نزدیک شرپسند عناصر نے ایک زیارت گاہ کو نظر آتش کر دیا،کی مذمت کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بزدلانہ حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس طرح کی کاررِوائیوں سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں اور اِن کاررِوائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ قصورواروں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا اور اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔پولیس نے قصورواروں کو پکڑنے کے لئے کاررِوائی شروع کی ہے۔جی سی مرمو نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں اور افواہ پھیلانے والوں سے خبردار رہے۔ایل جی نے ڈائریکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ وہ جموں وکشمیر میں زیارت گاہوں کی سیکورٹی مستحکم کریں۔دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر نے ڈویژنل کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ اِس زیارت گاہ کی مرمت اور اس کی شانہ رفت سرکاری خرچے پر بحال کرنے کے لئے لازمی اقدامات کریں۔