جموں میں بی ٹو وی 2 کے دوسرے دِن لوگوں نے زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں صوبے میں آج بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے مرحلے میں گہما گہمی دیکھنے کو ملی اور دورہ کرنے والے افسروں نے مختلف علاقوں میں جاکر لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا۔ اودھمپور۔ بیک ٹو وِلیج پروگرام کے دوسرے مرحلے کے دوسرے دِن آج چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم اور پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی و مانیٹرنگ اور اطلاعات روہت کنسل کے ہمراہ سرار پنچایت کا دورہ کیا ۔ اس موقعہ پر لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔اِس موقعہ پر مقامی لوگوں نے اپنے اپنے مطالبات چیف سیکرٹری اور دورہ کرنے والے افسر کے سامنے رکھے جن کا تعلق تعلیم ، صحت ، ایم جی نریگا، پولیس میں بھرتی ، آیوشمان بھارت ، سڑک رابطوں اور سیاحت جیسے شعبوں سے تھا۔ چیف سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ زمینی سطح پر سرکاری سکیموں کے اثرات کے بارے میں جانکاری حاصل کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی دوسرے مرحلے کے تحت تمام علاقوں کو سڑک رابطے فراہم کئے جائیں گے ۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت نے پنچایتوں کو بااختیار بنایا ہے اور انہیں کئی اختیارات دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار دلانے کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کا بھی جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے وہاں مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی جائزہ لیا جس دوران فلاحی سکیموں کے حوالے سے لوگوں کو جانکاری دی جارہی تھی۔ اُنہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے لوگوں کو فلاحی سکیموں سے روشناس کرائیں۔پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی و مانیٹرنگ نے یوم آئین کی افادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے بنیادی حقوق کو واضع کیا ۔ انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔روہت کنسل نے کہا کہ اس علاقے میں سیاحت اورزراعت کے کافی وسائل موجود ہیں اور ان شعبوں کی ترقی کے لئے کئی سکیمیں عملائی جارہی ہیں۔ روہت کنسل جو اس پنچایت کے لئے دورہ کرنے والے افسر ہیں اور ڈی سی اودھمپور ڈاکٹر پیوش سنگلا بھی سرار پنچایت پہنچے جہاں لوگوں نے ان کا زبردست استقبال کیا۔پونچھ ۔ پونچھ ضلع میں آج ڈپٹی سیکرٹری جے کے پی ایس سی طاہر مصطفی ملک نے مختلف پنچایتی حلقوں اور محکموں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور مختلف شعبوں سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ اس موقعہ پر ایک کبڈی میچ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جتندر سنگھ نے بھی مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جائز ہ لیا او رسکولی بچوں میں وردیاں تقسیم کیں ۔انہوں نے لوگوں کے مسائل کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔اُنہوں نے مختلف محکموں کے کام کاج کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ اسی طرح کی سرگرمیاں دیگر پنچایتوں میں بھی منعقد کی گئیں۔ دریں اثنا ڈی سی پونچھ راہل یادو نے بھی مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بی ٹو وی 2پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔کٹھوعہ۔ ادھر کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار سنگھ نے بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے مرحلے کے دوران 2.91 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 33 کے وی ریسونگ سٹیشن کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ یہ ریسو نگ سٹیشن مکمل ہونے کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس دوران نامزد افسروں نے اپنے اپنے حلقوں میں یوم آئین بھی منایا۔ڈی سی کٹھوعہ او پی بھگت ، اے سی ڈی سکھ پال سنگھ اور کئی دیگر افسروں نے اپنے اپنے پنچایت حلقوں میں بی ٹو وی 2پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور لوگوں کے مسائل کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔رام بن۔ رام بن ضلع کے 68 پنچایت حلقوں میں بھی آج بیک ٹو وِلیج پروگرام دوم کا پہلا مرحلہ آج اختتام پذیر ہوا۔ ڈی سی رام بن ناظم ضیا ء خان نے آج مختلف علاقوں کادورہ کر کے وہاں پنچایتی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ اس موقعہ پر اے سی ڈی ضمیرریشو اور کئی دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی سی نے کہا کہ دیہی علاقوں میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر اس پروگرام میں حصہ لیا جن میں کافی خواتین بھی موجود تھیں ۔ دورے کے دوران انہوں نے لوگوں کے مسائل اور معاملات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر انہوں نے دورہ کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ترقیاتی عمل کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے پنچایت گھر اور بی ڈی سی دفاتر کا بھی معائینہ کیا۔ڈوڈہ۔ ڈوڈہ ضلع میں بھی بیک ٹو ولیج کے دوسرے مرحلے کے دوران گزیٹیڈ افسروں نے 79پنچایتوں کا دورہ کر کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات اور مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔انہوں نے لوگوں کو فلاحی سکیموں سے روشناس کرایا۔ڈی سی ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈائیفوڈے نے اس پورے گرام کی نگرانی کی اور کہا کہ لوگوں نے بڑھ چڑھ کر اس پروگرا م میں حصہ لیا اور گزیٹیڈ افسروں کے پاس اپنا فیڈ بیک درج کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران لوگوں میں جاب کارڈ تقسیم کئے گئے ۔ علاوہ ازیں سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے پی کے پولے نے کھیلنی پنچایت کا دورہ کیا اور گرام سبھا میں شرکت کی۔راجوری۔راجوری ضلع میں بھی بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تعلق سے کافی سرگرمیاں دیکھنے ملی اور نامز د افسروں نے اپنے اپنے پنچایتی حلقوں کا دورہ کر کے لوگوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔دورہ کرنے والے افسروں نے گرام سبھائوں کا انعقاد کیا جس میں بھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے معاملا ت کو اجاگر کیا۔ نامزد افسروں نے معزز شہریوں ، سبکدوش ملازمین اور خواتین کے ساتھ بھی استفسار کیا اور دیہی علاقوں کی مجموعی ترقی کے حوالے سے معاملات پر بحث و تمحیص کی۔کشتواڑ۔ کشتواڑ میں بی ٹو وی ٹو کے دوسرے دِن آج کافی تعداد میں لوگوں نے نامزد افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور اپنے اپنے ترقیاتی ضروریات کو اُجاگر کیا۔ مختلف محکموں کے افسروں اور اہلکاروں نے اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ڈی سی کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے کئی پنچایتوں کا دورہ کر کے عام لوگوں کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ ان پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔اے سی ڈی کشتواڑ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کو زراعت ، باغبانی ، ڈیری، پولٹری اور دیگر شعبوں کی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ،کیوں کہ اس پروگرام کی بدولت لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آسکتی ہے۔