مہاراشٹر اسمبلی میں آج ہوگا فلور ٹسٹ

0
0

بھاجپاکاکھیل ختم:فڑنویس کا استعفیٰ، ادھو کا وزیراعلیٰ بننا طے
یواین آئی

نئی دہلی؍؍سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کے سیاسی بحران کا قانونی تصفیہ کرتے ہوئے کل ہی (بدھ کو) اسمبلی میں اکثریت ثابت کرانے کا منگل کو حکم دیا۔ جسٹس این وی رمن، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس سنجیو کھنہ کی خصوصی بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ کل پروٹیم اسپیکر کی تقرری کے بعد شام پانچ بجے تک ممبران اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا۔ اس کے بعد کل ہی اکثریت ثابت کرنے کیلئے ووٹنگ ہوگی۔بنچ کی جانب سے جسٹس رمن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 27 نومبر کو شام پانچ بجے اکثریت کیلئے ووٹنگ کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے پارلیمانی روایات اور کورٹ کو لے کر بحث ہوتی رہی ہے لیکن پارلیمانی روایات میں کورٹ کا دخل نہیں ہوگا۔عدالت عظمیٰ نے کہا‘‘ہم گورنر سے درخواست کرتے ہیں کہ 27 نومبر کو خصوصی اجلاس بلایا جائے ’’۔ کورٹ نے اکثریت ٹسٹ کے لئے ‘اوپن بیلٹ’ سے ووٹنگ کرانے کا بھی حکم دیا۔ ساتھ ہی آئینی مراحل کا عمل کا براہ راست نشر بھی کرنا ہوگا۔ اس کی ویڈیوگرافی بھی کی جائے گی۔ مہاراشٹر میں گورنر کی جانب سے بی جے پی کو حکومت بنانے کے لئے مدعو کرنے کے فیصلہ کے خلاف شیو سینا، این سی پی اور کانگریس کی طرف سے دائر درخواست پر عدالت عظمی نے اتوار اور پیر کو مسلسل سماعت کرتے ہوئے تمام فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔اس دوران شیوسینا کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے خاص طور سے ذکر (اسپیشل مینشنگ) کرتے ہوئے فلور ٹسٹ ہونے تک فرنویس حکومت کو کوئی بھی پالیسی ساز فیصلہ کرنے سے روکنے کی درخواست کی، لیکن عدالت نے ان کی باتوں کو ان سنا کر دیا۔مہاراشٹر میں کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور شیوسینا کے اتحاد کے آگے بھارتیہ جنتا پارٹی کے حکومت بنانے کے چوتھے دن ہی وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس سے مسٹر ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلی بننے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے ۔سپریم کورٹ نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے بدھ کے روز اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا کا حکم دیا تھا جس کے بعد پہلے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دیا اور اس کے بعد مسٹر فڑنویس نے بھی اپنے استعفی کا اعلان کیا۔ انہوں نے راج بھون جا کر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کواپنا استعفی سونپ دیا۔گزشتہ جمعہ کو کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے درمیان حکومت سازی کی رضامندی بن جانے کی خبر آئی تھی اور ان پارٹیوں کے حکومت بنانے کی بحث شروع ہو گئی تھی لیکن اگلی صبح ہی ریاست سے صدر راج ہٹا لیا گیا اور گورنر نے مسٹر فڑنویس کو وزیر اعلی کے عہدے اور مسٹر پوار کو نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف دلایا تھا۔مسٹر اجیت پوار کے اس قدم سے سے ان کے چچا اور این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی کا نہیں ہے اور انہوں نے پارٹی ممبران اسمبلی کو ایک جٹ کرنا شروع کیا اور شام تک زیادہ تر ممبران اسمبلی ان کے ساتھ آ کھڑے ہوئے ۔ یہاں تک کہ وہ رکن اسمبلی جنہوں نے مسٹر اجیت پوار کے ساتھ حلف برداری کی تقریب میں حصہ لیا تھا وہ بھی پارٹی کے ساتھ آ گئے اور مسٹر اجیت پوار الگ تھلگ پڑ گئے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا