انٹرنیٹ کی بندش کے بیچ بحالی کی باز گشت

0
0

نومبر کے پہلے ہفتے میں سروس بحال ہونے کا امکان
کے این ایس

سرینگر؍؍وادی کشمیر میں جاری طویل ترین انٹرنیٹ بندش کی بحالی متوقع ہے ۔ نومبر کے پہلے ہفتے میں مرحلہ وار بنیادوں پر براڈ بینڈ اور لیز لائنز سروسز بحال ہونگی ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق وادی کشمیر میں گزشتہ 87 دنوں سے جاری انٹرنیٹ بندش کی بحالی اب متوقع ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں براڈ بینڈ اور لیز لائنز سروسز بحال ہونگی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پہلے مرحلے پر میڈیا اداروں کی انٹرنیٹ سروس بحال کی جائیگی اور بعد ازاں میں صورتحال کا جائزہ لے کر اس میں مزید نرمی لائی جائیگی ۔ یاد رہے کہ وادی کشمیر میں 5 اگست کے بعد سے انٹرنیٹ بند ہے جس کے نتیجے میں میڈیا اداروں سے وابستہ نمائندوں اور طلبہ و تاجروں کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انٹرنیٹ بندش کے نتیجے میں وادی کشمیر میں آئی ٹی سیکٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ میڈیا اداروں سے وابستہ نمائندوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کیلئے سرکاری میڈیا سہولیاتی مرکز کا ہر روز دورہ کرنا پڑتا ہے ۔ مقامی اخبارات کی اشاعت بھی انٹرنیٹ کی بندش کے نتیجے میں مسلسل متاثر ہورہی ہے اور یہاں کے نمائندوں کو بھی اخبارات کا مواد حاصل کرنے کیلئے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں قائم میڈیا سہولیاتی مرکز کا دورہ کرنا پڑ رہا ہے جو کہ ذہنی کوفت کے مترادف ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش کے نتیجے میں تاجروں کو 10 ہزار کروڑ روپے کا خسارے کا سامنا ہے جبکہ شعبہ سیاحت ، آئی ٹی سیکٹر اور دیگر نجی سیکٹروں میں کام کرنے والے ایک لاکھ افراد کا روزگار متاثر ہوگیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی بندش کے بعد نجی آئی ٹی سیکٹر میں قائم کی گئی کئی کمپنیوں نے وادی کشمیر سے اپنا بوریا بسترہ گول کیا ہے جبکہ کئی ینگ انٹرپرینورز کو بیرون ریاست جاکر اپنی کمپنیوں کو فعال رکھنا پڑا ۔ انٹرنیٹ بندش کے نتیجے میں آن لائن لین دین کے ساتھ ساتھ آن لائن کا کاروبار بری طرح سے ٹھپ ہوچکا ہے اور اس سے وابستہ درجنوں نوجوان بے روزگار ہوچکے ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ نئی دلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں تمام تر پہلوئوں پر غور و خوض کیا گیا اور انٹرنیٹ بندش کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا ۔ اس میٹنگ میں حکام کو جانکاری دی گئی کہ وادی کشمیر میں لینڈ لائن اور پوسٹ پیڈ موبائل فون سروس بحال کی گئی ہے اور صورتحال اطمینان بخش ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ وادی کشمیر میں مرحلہ وار بنیادوں پر بھی انٹرنیٹ سروس کی بحالی عمل میں لائی جائیگی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں وادی کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائیگی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے پر میڈیا اداروں میں براڈ بینڈ اور لیز لائن سروس بحال کی جائیگی اور اگلی میٹنگ میں مزید جائزہ لینے کے بعد عام لوگوں کیلئے بھی یہ سروس بحال کی جائیگی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ منگلوار کو پوری دنیا میں عالمی یوم انٹرنیٹ منایا گیا لیکن وادی کشمیر میں انٹرنیٹ کی بندش ایک نئی تاریخ رقم کر چکی ہے ۔ دنیا میں وادی کشمیر انٹرنیٹ بندش کی فہرست میں اول نمبر پر ہے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا