عمرارشدملک
راجوری : ریاست جموں کشمیر میں ایک ضلع راجوری بھی ہے جس کو میڈیکل کالج کا عزاز حاصل ہے لیکن پھر بھی مریضوں کے لئے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس وجہ سے مریضوں کو مختلف قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع ہسپتال راجوری کو اب میڈیکل کالج کا عزاز بھی حاصل ہوچکا ہے اور میڈیکل کی کلاسز بھی شروع ہوچکی ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس ہسپتال پر صرف ضلع راجوری نہیں بلکہ ضلع ریاسی کا کچھ علاقہ اور ضلع پونچھ بھی ڈپینڈ ہے لیکن بدقسمتی کا عالم یہ ہے کہ ابھی تک یہاں ضروری سہولیات کا فقدان ہے ۔ضلع ہسپتال راجوری میں زیرِ علاج کچھ مریضوں نے بتایا کہ مختلف قسم کی جانچ پڑتال کے لئے ہمیں نجی کلینکوں میں جانا پڑتا ہے خاص طور پر سی ٹی اسکین ، الٹراسائونڈ اور دیگر جانچ کا کوئی بہتر انتظام ہسپتال کے اندر نہیں ہے ۔ مریضوں نے بتایا کہ ضلع ہسپتال راجوری کو میڈیکل کالج کا عزاز تو حاصل ہوگیا لیکن سہولیات کے نام پر آج بھی سوالیہ نشان ہے اس میں ہسپتال انتظامیہ کا قصور ہے یا پھر حکومتی سطح پر ہی راجوری ہسپتال کو نظر انداز کیا جارہا ہے کیونکہ ہمیشہ سے ہی ضلع ہسپتال راجوری خبروں میں رہا ہے اور مختلف قسم کی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کئی بار مریضوں نے احتجاج بھی کیا ہے ۔ وہیں کچھ مقامی لوگوں نے کہا کہ راجوری ایک سرحدی علاقہ ہے اور کسی بھی وقت ایمرجنسی ہوسکتی ہے جس کے لئے ضلع ہسپتال میں سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی اسکین مشین اور الٹراسائونڈ مشین بھی کسی کام کی نہیں ہیں کیونکہ مریضوں کو جانچ پڑتال کے لئے نجی اداروں میں جانا پڑتا ہے جو کہ ہسپتال انتظامیہ پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔مریضوں اور مقامی لوگوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع ہسپتال کی طرف خاص توجہ دیں کیونکہ اب اس کو میڈیکل کالج کا عزاز بھی حاصل ہے اور میڈیکل کی کلاسز بھی شروع ہوگئی ہیں ایسے میں اگر یہاں سہولیات دستیاب نہیں ہونگی تو طلباء بھی کالج کو چھوڑ دئے گے۔