پرنسپل سیکرٹری فائنانس نے کشتواڑ کے ناگسینی ڈول اے پنچایت میں ’وِکست بھارت سنکلپ یاترا‘ میں حصہ لیا
لازوال ڈیسک
کشتواڑ ؍؍ پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش ڈی ویدیا جو ضلع کشتواڑ کے دو روزہ دورے پر ہیں، نے آج بلاک ناگسینی پنچایت ڈول اے میں’وِکست بھارت سنکلپ یاترا ‘میں شرکت کی۔کمیونٹی کے ممبران، معززین، ضلع افسران اور فیلڈ اَفسروںسمیت 700 شرکأ کے ایک بڑے اجتماع نے تقریب کی اہمیت پر روشنی دالتے ہوئے سنتوش ڈی ویدیا کا والہانہ اِستقبال کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو کے علاوہ اے ڈی سی کشتواڑ اِندرجیت سنگھ پریہار، اے سی آر ورونجیت سنگھ چاڈک، اے سی پی کشتواڑ ذاکر حسین وانی اور دیگر محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں ضلع میں جاری ’وِکست بھارت سنکلپ یاترا ‘کا خاکہ پیش کیا اور ضلع میں اِس میگا پروگرام کو کامیاب بنانے میں ضلع اِنتظامیہ کشتواڑ کے کردار پر روشنی دالی۔ یاترا کے دوران اِستفادہ کنندگان نے ’’میری کہانی ،میری زبانی‘‘ سیشن میں مرکزی سیکٹر کی مختلف سکیموں کے بارے میں کامیابی کی داستانوں کا اِشتراک کیاجس میں پرنسپل سیکرٹری اور دیگر ضلع اَفسرو ں نے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے’وِکست بھارت سنکلپ یاترا ‘کی کارروائی میں سرگرمی سے حصہ لیا، شہریوں پر مبنی اِستفادہ کنندگان کی سکیموں کی نمائش کرنے والے سٹالوں کا معائینہ کیا اور شرکأ سے ’وِکست بھارت سنکلپ یاترا‘ کا حلف دِلایا۔ اُنہوں نے خطاب کے دوران 2047 ء تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے لوگوں ، نوجوانوں ، افسروں اور پی آر آئیز کی اِجتماعی کوششوں پر زور دیا اور اس مقصد میں نوجوانوں کے اہم کردار پر زور دیا۔اُنہوں نے ’وِکست بھارت سنکلپ یاترا کے نقطہ نظرپر روشنی ڈالتے ہوئے قومی ترقی کی بنیاد کے طور پر شہری بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کرنے کی اہم ضرورت پر زور دیا۔سنتوش ڈی ویدیانے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد تبدیلی کے اثرات اور کووِڈ دور میں کامیاب نیوی گیشن پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جموںوکشمیر یوٹی میں گذشتہ پانچ برسوں میں بنیادی ڈھانچے ،اِقتصادیات ، صحت ، پانی ، بجلی ، خواتین کو بااِختیار بنانے اور سڑکوں کے نیٹ ورک میں نمایاں پیش رفت کی نشاندہی کی۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ جموںوکشمیر یوٹی کی جی ڈی پی 1.7 لاکھ کروڑ سے بڑھ کر 2.5 لاکھ کروڑ ہوگئی ہے ۔ اِس کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری نے ملک کی ترقی کے لئے ثقافتی اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اوراُنہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے فعال موقف اَپنائیں اور ترقی یافتہ ہندوستان کی راہ میں رکاوٹ بننے والی نوآبادیاتی ذہنیت کو ترک کریں۔اُنہوں نے وِکست بھارت سنکلپ یاترا کے عزم پر زور دیتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے کی حمایت کریں جس کا مقصد نوآبادیاتی ذہنیت کو ختم کرنا ہے جو ترقی یافتہ مستقبل کی طرف ہندوستان کی پیش رفت میں رُکاوٹ ہیں۔اِس تقریب میں وزیر اعظم کے وِکست بھارت کے پیغام کی سکریننگ، مقامی فن کاروں کی موسیقی اور ثقافتی پرفارمنس اور ناگسینی کلچرل گروپ، آئی ای سی مواد کی تقسیم بھی شامل تھی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے کچھ شرکأکو ابھینندن سرٹیفکیٹ، اہل کاشتکاروں کو ایچ اے ڈی پی کے تحت منظوری نامے اور بڑھاپے اور پی ڈبلیو ڈی کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے فراہم کردہ وہیل چیئر اور چھڑیوں سمیت مصنوعی اِمداد بھی دی۔ مزید برآں، محکمہ صحت کشتواڑ کی جانب سے
منعقدہ ایک مفت طبی کیمپ میں متعدد شہریوں کو میڈیکل سکریننگ، مشاورت اور مفت اَدویات فراہم کی گئیں جس سے صحت خدمات تک کمیونٹی کی رسائی میں اضافہ ہوا۔