سیکنڈ لائن لیڈرشپ آزاد،الیکشن میں کوئی بھی حصہ لے سکتا ہے
سرینگر؍؍ بی جے پی نے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیگی۔ پارٹی کا کہنا ہے نظر بند مین اسٹریم سیاسی لیڈران کی پارٹیوں کی سیکنڈ لائن لیڈرشپ آزاد ہے لہٰذاوہ الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کیساتھ بات کرتے ہوئے بی جے پی کے جنرل سیکرٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول نے بتایا کہ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کا انعقاد خوش آئندہ اقدام ہے۔ کول کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ جموں وکشمیر میں پنچایتی راج ایکٹ کے میکانزم کو مضبوطی بخشنے کیلئے بی ڈی سی انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیگی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے پہلے بھی الیکشن میں حصہ لیا ہے اور مستقبل میں بھی لیتے رہیں گے۔ کول کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس، کانگریس، پی ڈی پی ، پی سی وغیرہ سیاسی پارٹیوں نے ماضی میں انتخابات میں حصہ لیا ہے لہٰذا انہیں چاہیے کہ اس بار بھی الیکشن میں اپنی شرکت کو ممکن بنائیں۔ مین اسٹریم سیاسی لیڈران کی نظربندی سے متعلق ایک سوال کے جواب میںبی جے پی لیڈر اشوک کول کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے این سی، پی ڈی پی اور دیگر پارٹیوں کی فسٹ لائن لیڈرشپ کونظربند رکھا ہوا ہے تاہم پارٹی کی سیکنڈ لائن لیڈرشپ تو بالکل آزاد ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ سامنے آکر بی ڈی سی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ کول کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی انتخابات میں حصہ لینے کا خواہشمند ہو، اُسے چاہیے کہ وہ سامنے آئے اور الیکشن میں شرکت کریں۔ اس دوران انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کیساتھ ملاقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔اشوک کول کا کہنا تھا کہ بعض اخباروں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کیساتھ میری ملاقات کی خبریں شائع کی ہیں ، جو کہ سراسربے بنیاد ہے۔