کانگریس کا جموں میں بی جے پی کے خلاف احتجاج،بھاجپاکاپتلاپھونکا
یواین آئی
جموں کانگریس کے جموں کشمیر یونٹ نے ہفتہ کے روز شہیدی چوک جموں میں وزیر اعظم نریندر مودی کے سابق وزیر اعظم آںجہانی راجیو گاندھی کے خلاف بیان اور لیہہ میں صحافیوں کو بی جے پی کے لیڈروں کی طرف سے رشوت دینے کی کوشش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی، وزیر اعظم مودی اور ریاستی گورنر کے خلاف جم کر نعرہ بازی بھی کی اور بی جے پی کے پتلے کو نذر آتش بھی کیا۔بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا ہے کہ آنجہانی راجیو گاندھی پہلے درجے کے رشوت خور لیڈر تھے اور ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے حال ہی میں کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی پہلے رشوت خور نہیں تھے لیکن بعد میں وہ کچھ لوگوں کے زیر اثر آگئے اور بوفورس کیس میں ملوث ہوگئے۔احتجاج کے حاشیہ پر کانگریس ترجمان رویندر شرما نے میڈیا کو بتایا کہ ملک میں امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے گالی گلوچ کا ماحول بنایا ہے۔انہوں نے کہا ‘دیش میں امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے گالی گلوچ کا ماحول بنایا ہے، سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی جو دیش کے لئے شہید ہوئے، کے خلاف ہتک آمیزباتیں کی جارہی ہیں، ان پر ذاتی حملے کئے جارہے ہیں اور گاندھی خاندان پر حملے کئے جارہے ہیں’۔رویندر شرما نے کہا کہ وزیر اعظم کے پاس لوگوں کو دکھانے کے لئے اس کے بغیر اور کوئی ہتھیار ہی نہیں ہے۔انہوں نے ریاستی کے گورنر ستیہ پال ملک کو آنجہانی راجیو گاندھی کے خلاف بیان دینے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ‘گورنر صاحب کو بھی استعمال کیا گیا ہے اگر ان کو سیاست کرنی ہے تو اپنا عہدہ چھوڑدیں اور اپنے عہدے کی لاج رکھیں، ہم ان کے عہدے کی عزت کرتے ہیں اسی لئے ان کا پتلا نہیں جلایا بلکہ بی جے پی کا پتلہ نذر آتش کیا’۔شرما نے کہا کہ گورنر کو یہ اختتارنہیں ہے کہ وہ گورنر کے عہدے پر رہ کر ایسی باتیں کریں۔لیہہ معاملے کے حوالے سے رویندر شرما نے کہا کہ لیہہ کے صحافیوں نے بی جے پی کے لیڈروں کی طرف سے رشوت کی کوشش کے خلاف آواز بلند کرکے انہیں بے نقاب کیا ہے جس کے لئے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا ‘لیہہ کے صحافیوں نے بی جے پی کی طرف سے رشوت دینے کی کوشش کو بے نقاب کیا ہے، بی جے پی کے لیڈروں کے خلاف ایف آئی آردرج ہوئے ہیں اور ابتدائی انکوائری میں ان کے خلاف شواہد بھی سامنے آئے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ کبھی کسی ملزم نے اپنا قصور نہیں مانا ہے اور اب چور مچائے شور کے مصداق بی جے پی کے لیڈر اپنے آپ کو بے قصور ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔شرما نے کہا کہ جب بی جے پی والے زمینی سطح پر ناکام ہوجاتے ہیں توانہیں پاکستان، آئی ایس آئی اور کانگریس پارٹی یاد آتی ہے ورنہ لیہہ میں صحافیوں نے ان کو بے نقاب کیا تو کانگریس پارٹی کہاں سے آگئی۔انہوں نے کہا کہ لیہہ معاملے میں ملوثین کے خلاف تحت قانون کارروائی کی جانی چاہئے۔اس موقعہ پر کانگریس کے سینئر لیڈر رمن بھلہ اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔