یواین آئی
اسلام آباد//پاکستان نے دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی جانب سے ‘بین الاقوامی دہشت گرد’ قرار دئے جانے کے بعد اس کے غیر ملکی سفرکرنے پر پابندی لگادی ہے اور اس کی جائیداد کو سیل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جمعہ کو میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق مسعود کے ہتھیار اور گولا بارود کی خرید فروخت کرنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے ۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی اسلامک اسٹیٹ اور القاعدہ پر تشکیل کمیٹی نے بدھ کو القاعدہ سے تعلق ہونے کی وجہ سے مسعود کو ‘بین الاقوامی دہشت گرد’ قرار دے دیاتھا۔مسعود کے خلاف اقوام متحدہ کے اس قدم کو ہندوستان کی سفارت کی جیت مانا جارہا ہے ۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے فدائین حملے میں سینٹرل ریزرو فورس(سی آر پی ایف)کے 40سے زیادہ جوان شہید ہوگئے تھے ۔اس سلسلے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی تنازعہ کافی بڑھ گیا تھا اور ہندوستانی فضائیہ نے دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کے بالاکوٹ میں فضائی حملے بھی کئے تھے ۔ پاکستان کے وزارت خارجہ نے بدھ کو جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا تھا،“وفاقی حکومت مسعود اظہر کے خلاف پاس تجویز 2368(2017)کو پوری طرح نافذ کرنے کا حکم جاری کرتی ہے ۔” نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے افسروں کو اظہر کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو مناسب انداز میں نافذ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ امریکہ ،برطانیہ اور فرانس کی جانب سے اظہر کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز پر چین کی جانب سے لگائے گئے ویٹو کو ہٹانے کے بعد اقوام متحدہ نے اسے (اظہرکو)‘بین الاقوامی دہشت گرد’ قرار دیا ہے ۔ پلوامہ حملے کے فوراً بعد امریکہ،برطانیہ اور فرانس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1267القاعدہ پابندی کمیٹی کے سامنے اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دئے جانے کے لئے فروری میں تجویز پیش کی تھی۔یواین آئی